وشوناتھن آنند کو پیچھے چھوڑ 18 سالہ پرگنان نندا بنے ہندوستان کے نمبر 1 شطرنج کھلاڑی

پرگنان نندا اور ڈنگ لرین کے درمیان ٹاٹا اسٹیل شطرنج ٹورنامنٹ میں 16 جنوری کو میچ کھیلا گیا تھا جس میں پرگنان نندا نے بہترین کھیل دکھاتے ہوئے لرین کو شکست دی اور ہندوستان کے نمبر 1 شطرنج کھلاڑی بن گئے۔

<div class="paragraphs"><p>پرگنان نندا (دائیں) اور میگنس کارلسن کی فائل تصویر</p></div>

پرگنان نندا (دائیں) اور میگنس کارلسن کی فائل تصویر

user

قومی آوازبیورو

ہندوستان کے 18 سالہ شطرنج کھلاڑی پرگنان نندا نے حیرت انگیز کارنامہ انجام دیتے ہوئے ہندوستان کے نمبر 1 شطرنج کھلاڑی وشوناتھن آنند کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ یعنی اب پرگنان نندا ہندوستان کے نمبر 1 شطرنج کھلاڑی بن گئے ہیں۔ یہ مقام انھیں عالمی چمپئن ڈنگ لرین کو شکست دینے کے بعد حاصل ہوا ہے۔ پرگنان نندا اور عالمی چمپئن چینی شطرنج کھلاڑی ڈنگ لرین کے درمیان یہ میچ ٹاٹا اسٹیل شطرنج ٹورنامنٹ میں 16 جنوری کو کھیلا گیا تھا جس میں پرگنان نندا نے بہترین کھیل دکھاتے ہوئے لرین کو شکست دے کر سبھی کو حیران کر دیا۔

ڈنگ لرین کے خلاف جیت آسان نہیں تھی، حتیٰ کہ خود پرگنان نندا کو بھی یقین نہیں تھا کہ وہ اتنی آسانی سے جیت جائیں گے۔ لیکن پرگنان نندا نے اپنی چالوں سے چینی کھلاڑی کے ساتھ ساتھ میچ دیکھ رہے سبھی لوگوں کو حیران کر دیا۔ پرگنان نندا نے کھیل میں آئے نشیب و فراز کے تعلق سے بتایا کہ وہ (لرین ) شروعات میں اچھا کھیل رہے تھے، لیکن پھر ان کا کھیل بگڑنے لگا۔ انھیں یقین نہیں تھا کہ نتیجہ اس طرح کا رہے گا۔ آخر میں جیت حاصل کر اچھا لگ رہا ہے، کیونکہ یہ حوصلہ بڑھانے والی جیت ہے۔


قابل ذکر ہے کہ پرگنان نندا اس سے قبل بھی ماہر شطرنج کھلاڑیوں کے خلاف جیت درج کر چکے ہیں۔ وہ میگنس کارلسن جیسے مشہور و معروف شطرنج کھلاڑی کو بھی شکست دینے کا کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔ اتنا ہی نہیں، گزشتہ سال ہوئے شطرنج عالمی کپ میں اپنی بہترین کارکردگی سے انھوں نے فائنل میں جگہ بنائی تھی۔ حالانکہ وہ اس فائنل کو جیت نہیں پائے تھے کیونکہ ٹائی بریکر میں انھیں شکست ملی تھی۔ پرگنان نندا شطرنج عالمی کپ کے فائنل میں پہنچنے والے تیسرے سب سے کم عمر ہندوستانی کھلاڑی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔