منی پور میں پولیس افسر قتل کے معاملہ میں بی جے پی لیڈر اور سابق فوجی گرفتار

منی پور میں ایک پولیس افسر کے قتل کے معاملہ میں ایک بی جے پی لیڈر اور ایک سابق فوجی کو گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس نے منگل کو یہ اطلاع دی

<div class="paragraphs"><p>گرفتاری / آئی اے این ایس</p></div>

گرفتاری / آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

امپھال: منی پور میں ایک پولیس افسر کے قتل کے معاملہ میں ایک بی جے پی لیڈر اور ایک سابق فوجی کو گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس نے منگل کو یہ اطلاع دی۔ خبر رساں ایجنسی آئی اے این ایس کی رپورٹ کے مطابق پولیس افسر چنگتھام آنند کمار کے قتل کے الزام میں برسراقتدار بی جے پی کے ایک لیڈر اور سابق فوجی کو منی پور کے سرحدی مورہ شہر سے گرفتار کیا گ یا ہے۔

بی جے پی لیڈر کی شناخت 36 سالہ ہیم کھوٹے لال میت کے طور پر کی گی ہے، جو پارٹی کی ٹینگنوپال یونٹ کے خزانچی ہیں۔ ہیم کھوٹے لال مولسانگ گاؤں کے سربراہ اور میت قبائلی یونین (ایم ٹی یو) کے مالیاتی سکریٹری بھی ہیں۔

پولیس نے کہا کہ ریاستی فورسز کی ایک مشترکہ ٹیم نے پیر کی شب میت اور کلیدی ملزم سابق فوجی اور مورہ یوتھ کلب کے چیئرمین فلپ کھیکھو لال کھونگ سائی کو گرفتار کر لیا۔


ریاستی بی جے پی کے سینئر نائب صدر این نمبس سنگھ نے کہا کہ پارٹی کی ورکنگ کمیٹی نے میت کی گرفتاری کے فوری بعد اپنی ایمرجنسی میٹنگ کے دوران انہیں پارٹی سے برطرف کر دیا۔

ٹینگنوپال ضلع کے مورہ کے سب ڈویژنل پولیس افسر آنند کمار کو گزشتہ سال 31 اکتوبر کو سرحدی شہر کے ایسٹرن شائن گراؤنڈ میں ڈیوٹی کے دوران ایک سنائپر نے ہلاک کر دیا تھا۔ ایس ڈی پی او کو اس وقت گولی ماری گئی جب وہ مورہ کے ایسٹرن شائن گراؤنڈ کو ہیلی کاپٹر کی لینڈنگ کے لیے کلیئر کرنے کی نگرانی کر رہے تھے اور بعد میں ہسپتال میں دم توڑ گئے۔

ان کی گرفتاری کے بعد منگل کو سرحدی قصبے میں کچھ لوگوں نے ان کی رہائی کا مطالبہ کیا، جب کہ وادی امپھال میں بڑے پیمانے پر مظاہرے دیکھنے میں آئے، جس میں اس معاملے کو قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) کے حوالے کرنے اور حراست میں لیے گئے افراد کو مثالی سزا دینے کا مطالبہ کیا گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔