مہنگائی اور پٹرول-ڈیزل کی بڑھتی قیمتوں کے خلاف مٹیا محل میں نکلی ’سائیکل ریلی‘

اے آئی سی سی رکن مرزا جاوید علی کی قیادت میں آج مٹیا محل اسمبلی حلقہ میں پٹرول و ڈیزل کی بڑھتی قیمتوں اور مہنگائی کے خلاف سائیکل ریلی نکالی گئی۔

تصویر بذریعہ پریس ریلیز
تصویر بذریعہ پریس ریلیز
user

پریس ریلیز

نئی دہلی: دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے سربراہ چودھری انل کمار کی ہدایت پر آج مٹیا محل اسمبلی حلقہ میں کانگریس کارکنوں نے پٹرول و ڈیزل کی بڑھتی قیمتوں اور مہنگائی میں اضافہ کے خلاف سائیکل ریلی نکالی۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے رکن مرزاجاوید علی کی قیادت میں نکالی گئی اس سائیکل ریلی میں میونسپل کونسلر سیما طاہرہ،سابق میونسپل کونسلر کرشن مراری جاٹو،سابق میونسپل کونسلر اشوک جین، کوچہ پنڈت بلاک کانگریس کمیٹی کے صدر سنجے یادو، منٹو روڈ بلاک کانگریس کمیٹی کے صدر منظور ملک، دہلی گیٹ بلاک کانگریس کمیٹی کے صدر حامد خان، مٹیا محل اقلیتی شعبہ کے صدر عاقل ننو،دہلی پردیش یوا کانگریس کے جنرل سکریٹری کنور شہزاد احمد،چاندنی چوک یوا کانگریس کمیٹی کے جنرل سکریٹری سید عماد، آصف، عاصم نیتا، محمد انصار، عبد الرحمن شاستری سمیت بڑی تعداد میں کانگریس کارکنان نے ریلی میں حصہ لیا۔

تصویر بذریعہ پریس ریلیز
تصویر بذریعہ پریس ریلیز

ریلی کا آغاز شاہ گنج چوک سے ہوا جسے چاؤڑی بازار چوک پر پولیس نے آگے بڑھنے سے روک دیا۔ مرزاجاوید علی نے میڈیا کارکنوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مودی سرکار نے پیٹرول ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کرکے مہنگائی کو ساتویں آسمان پر پہنچادیا ہے۔ ایک عام آدمی کے لئے دو وقت کی روٹی کا انتظام کرپانا مشکل ہو گیا ہے۔ نوٹ بندی اور جی ایس ٹی کی وجہ سے پہلے ہی بے روزگاری عروج پر ہے ایسے وقت میں پیٹرول ڈیزل کی قیمتوں میں لگاتار اضافہ سے عام آدمی کی زندگی اجیرن ہو گئی ہے۔


مرزا جاوید نے کہا کہ مرکز کی مودی سرکار اور دلی کی کیجروال سرکار نے الیکشن سے پہلے عوام کو خوب سبز باغ دکھائے۔ اب ان کی حقیقت پوری طرح عیاں ہو چکی ہے یہ دونوں جماعتیں صرف اور صرف عوام کو لوٹنے کا کام کر رہی ہیں۔پچھلے کئی دنوں دلی میں پانی کی زبردست قلت ہے یہ سرکار جو پانی مفت دینے کا وعدہ کرکے سرکار میں آئی تھی آج دلی والے پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ بہت ہوئی مہنگائی کی مار اب کی بار مودی سرکار کے نعروں کو بہت تشہیر کی گئی اور آج مہنگائی کہاں ہے یہ عام آدمی بخوبی جانتا ہے اور وہ خود کو ٹھگا ہوا محسوس کرتا ہے۔ آج ہر شخص کانگریس کے دور اقتدار کو یاد کر رہا ہے اور آنے والے الیکشن میں عام آدمی ان جھوٹی دھوکہ باز جماعتوں کو سبق سکھائیں گے یہ یقینی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔