عام آدمی پارٹی کا ’آپریشن جھاڑو‘، کانگریس کے دو مسلم کونسلروں کو پارٹی میں کیا شامل، عوام کے ساتھ دھوکہ

ضرورت انتخابی اصلاحات کی ہے کیونکہ عوام کے ساتھ یہ دھوکہ مستقل ہو رہا ہے، اس میں عوام کا کیا قصور؟ یہ ضروری بنایا جانا چاہیے کہ جو جس پارٹی سے جیتا ہے وہ کو کم از کم آدھی مدت تک اس پارٹی کا رکن رہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

سید خرم رضا

ابھی ایم سی ڈی انتخابات کے نتائج آئے  ہوئے 48 گھنٹے بھی پورے نہیں ہوئے تھے کہ خبر آئی کے کانگریس کے نشان پر جیتے 9 کونسلروں میں سے 2 کونسلر عام آدمی پارٹی میں شامل ہو گئے ہیں۔ عام آدمی پارٹی جو ایم سی ڈی انتخابات میں نہ صرف سب سے بڑی پارٹی بن کر ابھری بلکہ اس نے اکثریت سے 9 نشستیں زیادہ حاصل کیں، لیکن وہ بی جے پی رہنماؤں کے بیان سے اس قدر بوکھلائی کہ اس نے ’آپریشن جھاڑو‘ چلانا شروع کر دیا۔ بی جے پی رہنماؤں نے بیان دیا تھا کہ میئر ان کا ہوگا، اور یہ سنتے ہی عام آدمی پارٹی نے یہ غیر اخلاقی حرکت کر ڈالی۔

تمام اعداد و شمار کو نظر میں رکھتے  ہوئے یہ تقریباً ناممکن تھا کہ میئر عام آدمی پارٹی کا نہ ہو، لیکن اس نے گھبراہٹ میں وہ کیا جس کے لئے وہ بی جے پی پر الزام لگاتی رہتی تھی کہ بی جے پی اس کے خلاف ’آپریشن لوٹس‘ چلا رہی ہے۔ بی جے پی نے تو اس کے خلاف  کوئی ’آپریشن لوٹس ‘نہیں چلایا لیکن اس نے وہ کیا جو بی جے پی منی پور اور گوا میں کر چکی ہے، یعنی عآپ نے کانگریس کے خلاف ’آپریشن جھاڑو‘ چلا دیا۔


افسوس کی بات یہ ہے کہ مصطفیٰ آباد اور برج پوری کا ووٹر کیا سوچے گا۔ ووٹر، جس نے فسادات میں میں عام آدمی پارٹی کی کارکردگی پر سوال کھڑا کرتے ہوئے کانگریس کو ووٹ دیا تھا، وہ کیا سوچے گا۔ اس کے ساتھ بہت بڑا دھوکہ ہوا۔ کانگریس کے سابق رکن اسمبلی حسن احمد کے بیٹے، جن کے پاس دہلی کانگریس کی اہم ذمہ داری تھی اور جو 4 تاریخ تک کیجریوال اور ان کی پارٹی کے خلاف کھل کر بول رہے تھے، اور ان پر اقلیت مخالف ہونے کا الزام لگا رہے تھے، وہ بھی اپنے اسمبلی حلقہ کے دونوں کونسلروں کے ساتھ عام آدمی پارٹی میں شامل ہو گئے۔ اب وہ اسی اروند کیجریوال کی تعریف کرتے نہیں تھکیں گے جس کے خلاف وہ دن رات زہر اگلتے نہیں تھکتے تھے۔

وقتی طور پر یہ کانگریس کے لئے ضرور جھٹکا ہے، لیکن عام آدمی پارٹی نے پہلی غلطی کر دی ہے اور اس نے نہ صرف اپنی شبیہ خراب کر لی ہے بلکہ مسلمانوں کو ہمیشہ کے لیے اپنا دشمن بنا لیا ہے۔ اس کے پاس اب بی جے پی کے خلاف بولنے کا جواز بھی ختم ہو گیا ہے۔ جو کونسلر کانگریس کے ٹکٹ پر جیتنے کے بعد عام آدمی پارٹی میں شامل ہوئے ہیں انہوں نے بھی اپنی مستقبل کی سیاست کے لئے پریشانیاں پیدا کر لی ہیں۔


اب ضرورت انتخابی اصلاحات کی ہے کیونکہ عوام کے ساتھ یہ دھوکہ مستقل ہو رہا ہے۔ اس میں عوام کا کیا قصور ہے؟ یہ ضروری ہے کہ جو جس پارٹی سے جیتا ہے اس کو کم از کم آدھی مدت تک اس پارٹی کا رکن رہنا ضروری ہے، اور اس کو وفاداری تبدیل کرنے کی اجازت نہیں ہونی چاہئے۔ عام آدمی پارٹی کانگریس کے دیگر ارکان سے بھی رابطہ میں ہے اور ان پر وفاداری تبدیل کرنے کا لالچ اور دباؤ بنا رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔