حمزہ شہباز کو وزیر اعلی کا حلف لینے میں کیا دشواریاں ہیں؟

پاکستان کے صوبہ پنجاب کی اسمبلی کے ایک غیر معمولی اجلاس میں اپوزیشن کے امیدوار حمزہ شہباز نئے وزیرِ اعلی منتخب تو ہوئے مگر وہ تاحال اپنے عہدے کا حلف نہیں اٹھا سکے ہیں۔

حمزہ شہباز، تصویر آئی اے این ایس
حمزہ شہباز، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

پاکستانی سیاست میں ہنگامہ ختم ہونے کا نام ہی نہیں لے رہا۔ اب مرکز سے ہٹ کر سیاست کا میدان پاکستان کا صوبہ پنجاب بن گیا ہے، جہاں وزیر اعظم شہباز شریف کے بیٹے حمزہ شہباز وزیر اعلی تو منتخب ہو گئے ہیں لیکن ابھی تک انہوں نے حلف نہیں لیا ہے۔

واضح رہے اسمبلی کے جس غیر معمولی اجلاس میں حمزہ شہباز وزیر اعلی منتخب ہوئے تھے اس کا سابق حکمراں جماعت پاکستان تحریکِ انصاف اور پاکستان مسلم لیگ (ق) کے اتحاد نے بائیکاٹ کیا۔ بائیکاٹ سے قبل اسمبلی میں کئی گھنٹوں تک ہنگامہ آرائی جاری رہی، جس میں بعض ارکان ہاتھا پائی بھی کرتے دیکھے گئے۔


سابقہ حکومت کے اتحاد کی غیر موجودگی میں ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری نے لاؤڈ اسپیکر کی مدد سے اسپیکر کی گیلری میں کھڑے ہو کر اجلاس کی کارروائی چلائی اور الیکشن کروایا۔ انھوں نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما کو کامیاب قرار دیا۔

اگلے ہی روز نئے وزیرِ اعلی کو گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ سے عہدے کا حلف لینا تھا۔ تاہم ایسا نہیں ہوا کیونکہ گورنر پنجاب ان کو حلف دلانے کے لئے تیار نہیں تھے۔ اس واقعہ نے ایک مرتبہ پھر یہ ثابت کر دیا کہ عمران خان جلدی ہار ماننے والے نہیں ہیں اور ہر میچ کو آخری گیند تک کھیلنے کے عادی ہیں چاہیں وہ ہار ہی کیوں نہ جائیں۔ مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق گورنر، جنھیں سابقہ حکومت نے اپنے خاتمے سے قبل تعینات کیا تھا، نے وزیرِ اعلی کے انتخاب کے عمل کے حوالے سے عدم اطمینان کا اظہار کیا۔


وزیرِ اعلی کی حلف برداری کی تقریب اتوار کے روز مؤخر ہوئی جو تاحال نہیں ہو پائی۔ اس دوران وفاقی حکومت نے گورنر پنجاب کو ہٹانے کے لیے سفارش صدرِ پاکستان کو بھجوا دی ہے، تاہم اس پر تاحال عملدرآمد نہیں ہوسکا۔ اب بر سر اقتدار جماعت کے پاس عدالت سے رجوع کرنا واحد حل بچا ہے۔

حال ہی میں مرکز میں بھی ایسی ہی صورتحال پیدا ہوئی تھی جب (ن) لیگ کے رہنما شہباز شریف کے وزیرِاعظم منتخب ہونے پر صدرِ پاکستان عارف علوی کو ان سے حلف لینا تھا۔ تاہم صدر علالت کی وجہ سے چھٹی پر چلے گئے۔


ان کی غیر موجودگی میں سینیٹ کے چیئرمین صادق سنجرانی نے نئے وزیرِاعظم سے حلف لیا۔ خیال رہے کہ نئی وفاقی کابینہ بھی سینیٹ کے چیئرمین سے ہی حلف لیں گے۔ یہاں اس بات پر غور کرنے کی ضرورت ہے کہ پنجاب میں ایسا کرنا ممکن نہیں ہے۔ اب دیکھتے ہیں کہ پنجاب میں کیا ہوتا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔