عمران خان کی بہن علیمہ کے خلاف آٹھواں غیر ضمانتی وارنٹ جاری؛ عدالت نے اثاثوں کی تفصیل طلب کی

اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے عمران خان کی بہن علیمہ خان کے خلاف آٹھواں غیر ضمانتی وارنٹ جاری کرتے ہوئے ان کے تمام اثاثوں، بینک کھاتوں اور کمپنی ریکارڈ کی تفصیل طلب کر لی

<div class="paragraphs"><p>عمران خان کی بہن علیمہ خان / آئی اے این ایس</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

اسلام آباد: پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان کی بہن علیمہ خان اس وقت قانونی مشکلات میں گھری ہوئی ہیں۔ انسدادِ دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) نے ان کے خلاف آٹھواں غیر ضمانتی وارنٹ جاری کرتے ہوئے ان کے تمام اثاثوں کی مکمل تفصیل طلب کی ہے۔

آئی اے این ایس نے مقامی میڈیا رپورٹس کے حوالہ سے رپورٹ کیا ہے کہ علیمہ خان کے خلاف صادق آباد پولیس اسٹیشن میں ایک مقدمہ درج ہے جس میں ان پر حکومت مخالف احتجاج میں شرکت، توڑ پھوڑ اور پتھراؤ کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ عدالت نے اس کیس کی سماعت کے دوران جمعرات کو آٹھویں بار غیر ضمانتی وارنٹ جاری کیا۔

ذرائع کے مطابق عدالت نے صرف وارنٹ ہی نہیں بلکہ دارالحکومت کے ترقیاتی ادارے (سی ڈی اے) کے چیئرمین اور اسلام آباد کے کمشنر محمد علی رندھاوا کو ہدایت دی ہے کہ وہ علیمہ خان کی ملکیت میں موجود تمام جائیدادوں کی تفصیل فوری طور پر عدالت میں پیش کریں۔ اس کے علاوہ عدالت نے پاکستان کے سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن (ایس ای سی پی) کے چیئرمین عاکف سعید کو بھی حکم دیا ہے کہ علیمہ کے نام پر رجسٹرڈ کسی بھی کمپنی یا حصص کی تفصیلات فراہم کی جائیں۔

عدالت نے یہ کارروائی اس وقت کی جب علیمہ خان پہلے سات غیر ضمانتی وارنٹس کے باوجود عدالت کے سامنے پیش نہیں ہوئیں۔ 24 اکتوبر کو عدالت نے نادرا کے ڈائریکٹر جنرل کو ہدایت دی تھی کہ علیمہ خان کا کمپیوٹرائزڈ نیشنل شناختی کارڈ (سی این آئی سی) بلاک کر دیا جائے۔ اس کے ساتھ ہی ان کے پاسپورٹ کو بھی بلاک کرنے کے احکامات جاری کیے گئے تھے۔


عدالت کے جج امجد علی شاہ نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ علیمہ خان کا بار بار عدالت میں پیش نہ ہونا عدالتی کارروائی میں رکاوٹ ڈالنے کے مترادف ہے۔ جج نے مزید کہا کہ اس طرزِ عمل سے قانون کی عملداری متاثر ہوتی ہے اور ایسا رویہ برداشت نہیں کیا جا سکتا۔

رپورٹس کے مطابق عدالت نے اس معاملے میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے گورنر کو بھی خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ علیمہ خان کے تمام بینک اکاؤنٹس منجمد کیے جائیں۔ سرکاری ریکارڈ کے مطابق علیمہ خان کے نام پر 12 بینک اکاؤنٹس موجود ہیں جن میں سے بیشتر پہلے ہی فریز کیے جا چکے ہیں۔ ان میں سے ایک اکاؤنٹ میں، جو مسلم کمرشل بینک (ایم سی بی) میں ہے، تقریباً 12 کروڑ 40 لاکھ پاکستانی روپے جمع ہیں۔

قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر علیمہ خان عدالت کے سامنے پیش نہ ہوئیں تو ان کی غیر حاضری میں کارروائی آگے بڑھ سکتی ہے اور ان کے اثاثوں کے ضبط ہونے کا امکان بھی بڑھ گیا ہے۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر تمام سرکاری اداروں سے مکمل رپورٹ طلب کی ہے تاکہ علیمہ خان کے مالی اور جائیدادی ریکارڈ کی جانچ کی جا سکے۔