بشریٰ بی بی کو زہر دیا گیا، انہیں کچھ ہوا تو فوجی سربراہ ذمہ دار ہوں! عمران خان

جیل میں قید پاکستان کے سابق وزیرِ اعظم عمران خان نے منگل کو دعویٰ کیا کہ ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو سب جیل قرار دی گئی بنی گالہ کی رہائش گاہ میں انہیں زہر دیا گیا ہے!

<div class="paragraphs"><p>عمران خان اور بشریٰ بی بی / تصویر بشکریہ ڈی ڈبلیو</p></div>

عمران خان اور بشریٰ بی بی / تصویر بشکریہ ڈی ڈبلیو

user

قومی آوازبیورو

اسلام آباد: جیل میں قید پاکستان کے سابق وزیرِ اعظم عمران خان نے منگل کو دعویٰ کیا کہ ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو سب جیل قرار دی گئی بنی گالہ کی رہائش گاہ میں انہیں زہر دیا گیا ہے اور اگر انہیں نقصان پہنچتا ہے تو فوجی سربراہ کو اس کا ذمہ دار ٹھہرایا جانا چاہئے۔ پاکستان تحریک انصاف کے بانی نے اڈیالہ جیل میں 19 کروڑ پاؤنڈ کے توشہ خانہ بدعنوانی معاملہ کی سماعت کے دوران جج ناصر جاوید رانا کو اطلاع دی کہ ان کی اہلیہ کو زہر دیا گیا ہے اور ان کی جلد اور زبان پر ’زہر‘ کے برے اثرات ظاہر ہو رہے ہیں۔

ایکسپریس ٹریبیون کے مطابق 71 سالہ عمران خان نے کہا، ’’میں جانتا ہوں کہ اس کے پیچھے کون ہے۔ اگر بشریٰ کو کوئی نقصان پہنچا تو پاکستان کے آرمی چیف (جنرل عاصم منیر) کو ذمہ دار ٹھہرایا جانا چاہیے کیونکہ ان کی اسلام آباد میں بنی گالہ رہائش گاہ اور راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں ایک خفیہ ایجنسی کے ارکان سب کچھ کنٹرول کر رہے تھے۔


وہیں، بی بی سی اردو کے مطابق، منگل کو ہی اسلام آباد کی احتساب عدالت میں القادر ٹرسٹ کیس کی سماعت کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بشریٰ بی بی نے دعویٰ کیا کہ دورانِ قید ان کے کھانے میں ’باتھ روم صاف کرنے کے لیے استعمال ہونے والا محلول‘ (ٹوئلٹ کلینر) ملایا جا رہا ہے۔

سابق خاتونِ اول کے مطابق انھیں تحقیق سے پتا چلا کہ اس محلول، جو ان کے بقول انھیں دیا جا رہا ہے کے استعمال سے ایک ماہ بعد طبیعت زیادہ خراب ہوتی ہے اور وہ کئی دنوں سے سینے اور معدے میں تکلیف محسوس کر رہی ہیں۔

انھوں نے دعویٰ کیا کہ ان کے کھانے میں محلول ملائے جانے کی اطلاع انھیں جیل میں بھی کسی نے دی تھی لیکن وہ اس شخص کا نام نہیں بتائیں گی۔

بشریٰ بی بی کی جانب سے یہ الزام پہلی بار منظرِ عام پر نہیں آیا۔ اس سے قبل بھی وہ دعویٰ کر چکی ہیں کہ انھیں ’شہد میں کچھ مِلا کر کھلایا جا رہا ہے۔‘


خیال رہے کہ بشریٰ بی بی کو عمران خان کے ساتھ توشہ خانہ اور عدت سے پہلے نکاح کے کیس میں قید کی سزائیں سنائی گئی تھیں۔ پیر کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کو سنائی گئی 14 برس کی قید کی سزا کو معطل کر دیا تھا۔

سابق خاتون اول القادر ٹرسٹ کیس میں بھی شریک ملزمہ ہیں۔ ان پر الزام ہے کہ بحریہ ٹاؤن کے ساتھ معاہدے کے بدلے اربوں روپے کی اراضی سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے نام منتقل کی گئی، جس کی وہ تردید کرتی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔