عمرہ کے خواہشمند مسلمانوں کے لیے بڑی خوشخبری، ویزا کے لیے سعودی حکومت نے لانچ کی نئی ڈیجیٹل سروس
’نُسُک عمرہ‘ ڈیجیٹل پلیٹ فارم سعودی عرب کے باہر عمرہ زائرین کو سیدھے عمرہ ویزا کے لیے درخواست کرنے، رہائش، ٹرانسپورٹیشن، ثقافتی سیاحت اور امدادی خدمات کی آن لائن بکنگ کی سہولت دیتا ہے۔

دنیا بھر میں عمرہ کے خواہشمند مسلمانوں کے لیے سعودی حکومت نے نئی سوغات دی ہے۔ سعودی عرب کی وزارت عمرہ نے ’نُسُک عمرہ‘ نام سے ایک نئی ڈیجیٹل سروس لانچ کی ہے۔ اس سے بین الاقوامی زائرین بغیر کسی بچولیے کے عمرہ ویزا کے لیے آن لائن درخواست کر سکیں گے اور متعلقہ خدمات بُک کر سکیں گے۔ اس پلیٹ فارم کا مقصد سفر عمرہ کے عمل کو آسان اور بہتر بنانا ہے۔
سعودی وزارت کے مطابق نُسُوک عمرہ کو دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے مقدس سفر کو آسان اور قابل رسائی بنانے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ یہ ڈیجیٹل پلیٹ فارم سعودی عرب کے باہر عمرہ زائرین کو سیدھے عمرہ ویزا کے لیے درخواست کرنے، رہائش، ٹرانسپورٹیشن، ثقافتی سیاحت اور امدادی خدمات کی آن لائن بکنگ کی سہولت دیتا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق زائرین پہلے تیار انٹیگریٹیڈ پیکیج کا انتخاب کر سکتے ہیں یا ذاتی خدمات منتخب کرکے اپنی پسند کے پیکیج بنا سکتے ہیں۔ نُسُک عمرہ کو اس کی سرکاری ویب سائٹ (umrah.nusuk.sa) یا دستیاب موبائل ایپ کے توسط سے ایکسس کیا جا سکتا ہے۔
ویزا درخواست سے لے کر منظوری تک کے عمل کو ہموار بنانے کے لیے اس پلیٹ فارم کو کثیر لسانی اور سرکاری نظام کے ساتھ مربوط کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی یہ سروس کئی پیمنٹ آپشن بھی فراہم کرتی ہے۔ حالانکہ یہ ایک نیا ڈیجیٹل چینل پیش کر رہا ہے، لیکن افسروں کا کہنا ہے کہ اس کا مقصد منظور شدہ ایجنٹ کی جگہ لینا نہیں بلکہ زائرین کو زیادہ لچیلاپن اور بہتر متبادل فراہم کرنا ہے۔
وزارت حج و عمرہ کے مطابق اس سروس کا آغاز سعودی عرب کے ویژن 2030 کے اہداف کو حاصل کرنے کے لیے وزارت کی کوششوں کا حصہ ہے۔ جس کے تحت زیادہ سے زیادہ مسلمانوں کی میزبانی اور حج و عمرہ کی خدمات کے معیار کو بہتر بنا کر زائرین کے مجموعی تجربے کو بہتر بنانا شامل ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔