تھائی لینڈ میں چائلڈ کیئر سنٹر پر اندھا دھند گولی باری، اب تک 34 افراد ہلاک، مہلوکین میں 22 بچے شامل

چائلڈ کیئر سنٹر پر ہوئی اندھا دھند فائرنگ میں ہلاک ہونے والوں میں 22 بچے بھی شامل ہیں، فائرنگ کرنے والے شخص نے اپنی بیوی اور بچے کو گولی سے اڑانے کے بعد خود کو بھی گولی مار لی۔

تصویر ٹوئٹر
تصویر ٹوئٹر
user

قومی آوازبیورو

تھائی لینڈ میں ایک چائلڈ کیئر سنٹر پر اندھا دھند فائرنگ کا اندوہناک واقعہ سامنے آیا ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق گولی باری کی وجہ سے چائلڈ کیئر سنٹر اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں ہر طرف چیخ و پکار کا عالم پیدا ہو گیا۔ خبر رساں اداروں کے ذریعہ بتایا گیا ہے کہ تھائی لینڈ کے شمال مشرقی علاقہ میں ہوئی اس اندھا دھند فائرنگ میں اب تک 34 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ نیوز ایجنسی رائٹر نے پولیس کے حوالے سے یہ بھی بتایا ہے کہ کئی افراد اس واقعہ میں زخمی بھی ہوئے ہیں۔

بچوں کے ڈے کیئر سنٹر پر ہوئی اس گولی باری میں بڑی تعداد میں بچوں کی ہلاکت کی خبریں بھی سامنے آ رہی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ 34 مہلوکین میں کم از کم 22 بچے شامل ہیں۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ فائرنگ کرنے والے شخص نے اپنی بیوی اور بچے کو بھی گولی سے اڑا دیا، اور پھر بعد میں اس نے خود کو بھی گولی مار لی۔


ایک میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملزم پولیس لیفٹیننٹ تھا جس کا نام پانیا کھامراب ہے۔ اس کی عمر 34 سال ہے اور وہ قریب کے ہی پولیس اسٹیشن میں تعینات تھا۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق کچھ وقت پہلے ہی اسے ملازمت سے نکالا گیا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ڈے کیئر سنٹر میں اس شخص نے جب فائرنگ کی تو بچے سو رہے تھے۔ وہاں اندھا دھند فائرنگ کے بعد وہ گھر گیا، جہاں اس نے اپنی بیوی اور بچے کو گولی ماری۔ اس کے بعد اس نے خود کو بھی گولی مار لی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔