مکیش امبانی کو جان سے مارنے کی دھمکی! ملزم راکیش کمار مشرا بہار کے دربھنگہ سے گرفتار

ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم بے روزگار ہے اور اس نے یہ کام کیوں کیا، اس نے ابھی تک معلومات نہیں دیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ممبئی: ہندوستان کی معروف کاروباری شخصیت مکیش امبانی اور ان کی اہلیہ نیتا امبانی کو جان سے مارنے کی دھمکی دینے کے معاملے میں گرفتاری عمل میں آئی ہے۔ نیوز پورٹل اے بی پی نیوز کے مطابق ملزم کا نام راکیش کمار مشرا ہے اور اسے بہار کے دربھنگہ سے گرفتار کیا گیا ہے۔ راکیش کی عمر 30 سال ہے اور دھمکی آمیز معاملے میں اس کے خلاف آئی پی سی کی دفعہ 506(2)، 507 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ بہار کے دربھنگہ میں موجود 30 سالہ نوجوان راکیش کمار مشرا نے ریلائنس فاؤنڈیشن میں فون کر کے ریلائس انڈسٹریز لمیٹڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر مکیش امبانی اور ان کی بیوی نیتا امبانی کو جان سے مارنے کی دھمکی دی تھی۔


رپورٹ کے مطابق ممبئی زون-2 کے ڈی سی پی نیلوتپل نے کہا کہ بدھ کے روز ایچ این ریلائنس اسپتال کی لینڈ لائن پر ایک کال موصول ہوئی، جس میں فون کرنے والے نے اسپتال کو بم سے اڑانے کی دھمکی دی۔ ڈی بی مارگ پولیس اس معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔ اطلاع ملنے کے دو گھنٹے کے اندر فون کرنے والے کی شناخت کر لی گئی اور تکنیکی مدد سے ملزم کی لوکیشن ٹریس کر لی گئی۔

ممبئی پولیس نے بہار پولیس کو بھی اس کی اطلاع دی اور ملزم کو حراست میں لے لیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم بے روزگار ہے اور اس نے یہ کام کیوں کیا، اس نے ابھی تک معلومات نہیں دیں۔ خیال رہے کہ ریلائنس فاؤنڈیشن کے اس اسپتال کی لینڈ لائن پر کال آئی تھی اور فون کرنے والے نے امبانی خاندان کو دھمکی دی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔