لداخ تعطل: ہند-چین کور کمانڈروں کے درمیان مذاکرات کا 12واں دور 31 جولائی کو

دونوں فریق بات چیت کے دوران بنیادی طور پر ہاٹ اسپرنگ اور گوگرا ہائٹس کے علاقے سے فوجیوں کے انخلا پر تبادلہ خیال کریں گے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: مشرقی لداخ میں لائن آف ایکچوئل کنٹرول (ایل اے سی) پر ہندوستان اور چین کے درمیان فوجی تعطل کو دور کرنے کے لیے دونوں ممالک کی فوجوں کے کور کمانڈروں کے درمیان مذاکرات کا 12واں دور ہفتہ یعنی 31 جولائی کو ہوگا۔ فوج کے ذرائع کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے کے افسران کا یہ اجلاس صبح 10.30 بجے لائن آف ایکچوئل کنٹرول پر چینی سرحد کے مالدو علاقے میں ہوگا۔ دونوں فریقوں کے درمیان اب تک مذاکرات کے 11 دور ہوچکے ہیں اور کمانڈوز کے درمیان مذاکرات کا آخری دور 9 اپریل کو ہوا تھا۔

ذرائع کے مطابق دونوں فریق بات چیت کے دوران بنیادی طور پر ہاٹ اسپرنگ اور گوگرا ہائٹس کے علاقے سے فوجیوں کے انخلا پر تبادلہ خیال کریں گے۔ مشرقی لداخ میں ایک سال سے زیادہ عرصے سے دونوں فریقوں کے مابین فوجی تعطل برقرار ہے۔ اب تک فوجی کمانڈروں کی طرف سے طے شدہ اتفاق رائے کی بنیاد پر فوجوں کو پینگونگ جھیل کے علاقے سے واپس بلا لیا گیا ہے۔ لیکن ابھی تک دونوں فریقوں نے کچھ دیگر متنازعہ علاقوں سے فوج کی واپسی کے بارے میں معاہدہ نہیں کیا ہے۔


گزشتہ سال وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اور وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے اپنے متعلقہ وزراء سے بیرون ملک منظم پروگراموں میں الگ الگ مواقع پر بات چیت کی تھی جس کی بنیاد پر دونوں فریقین نے لائن آف کنٹرول کے ساتھ امن اور باہمی اعتماد بڑھانے پر اتفاق کیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔