غزہ سٹی پر اسرائیلی قبضہ کی تیاری صرف فلسطینی عوام پر نہیں بلکہ مکمل انسانیت پر حملہ ہے: کانگریس
جئے رام رمیش نے کہا کہ اسرائیل اب غزہ سٹی پر قبضہ کرنے کی پوری تیاری میں ہے، شروعات وہیں سے ہو رہی ہے۔ اس قدم کی وسیع پیمانہ پر تنقید ہو رہی ہے، لیکن پی ایم مودی اور وزیر خارجہ پوری طرح خاموش ہیں۔

غزہ میں اسرائیلی بمباری جاری ہے اور ہر گزرتے دن کے ساتھ علاقہ میں اسرائیل کا شکنجہ سخت ہوتا ہوا ہی دکھائی دے رہا ہے۔ عالمی سطح پر کئی معزز شخصیات نے غزہ میں اسرائیلی کارروائی کی سخت الفاظ میں تنقید کی ہے، لیکن حکومت کی جانب سے اس معاملے میں مکمل خاموشی دیکھنے کو مل رہی ہے۔ اس تعلق سے کانگریس مستقل مودی حکومت کو ہدف تنقید بناتی رہی ہے۔ ایک بار پھر کانگریس جنرل سکریٹری جئے رام رمیش نے فلسطینی عوام پر ہو رہے مظالم پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے پی ایم مودی کی خاموشی کو ہدف بنایا ہے۔
جئے رام رمیش نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ جاری کر لکھا ہے کہ ’’وزیر اعظم اور ان کی حکومت نے گزشتہ 18 مہیوں سے غزہ میں ہو رہے قتل عام کے دوران مستقل اخلاقی بزدلی کا مظاہرہ کیا ہے۔ اسرائیل اب غزہ سٹی پر قبضہ کرنے کی پوری تیاری میں ہے، شروعات وہیں سے ہو رہی ہے۔ اس قدم کی وسیع تنقید ہو رہی ہے۔ لیکن وزیر اعظم مودی اور وزیر خارجہ پوری طرح سے خاموش ہیں۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’انڈین نیشنل کانگریس غزہ معاملہ پر اسرائیل کے اس نئے منصوبہ کی سخت سے سخت مذمت کرتی ہے۔ یہ صرف فلسطینی عوام پر نہیں بلکہ مکمل انسانیت پر حملہ ہے۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ مشرق وسطیٰ میں حالات تیزی کے ساتھ بگڑتے جا رہے ہیں۔ ایک طرف اسرائیل کی سیکورٹی کابینہ نے وزیر اعظم بنجامن نیتن یاہو کے غزہ شہر پر فوجی کنٹرول سے متعلق منصوبہ کو منظوری دے دی ہے، دوسری طرف طاقتور مسلم ملک ترکی نے نیتن یاہو کے منصوبہ میں رخنہ اندازی کر دی ہے۔ ترکی کی وزارت خارجہ نے جمعہ کو کہا کہ ترکی غزہ سٹی پر کنٹرول کرنے سے متعلق اسرائیلی منصوبہ کی سخت الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔ اتنا ہی نہیں، ترکیہ نے بین الاقوامی طبقہ اور اقوام متحدہ سیکورٹی کونسل سے اس منصوبہ کی عمل آوری پر روک لگانے کی اپیل کی ہے۔
ترکی کی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ اسرائیل کو اپنے جنگی منصوبوں کو فوراً روک دینا چاہیے اور غزہ میں جنگ بندی پر اتفاق ظاہر کرنا چاہیے۔ ترکی نے یہ بھی کہا کہ اسرائیل کو دو ملکی حل کے لیے مذاکرہ شروع کرنا چاہیے۔ وزارت کے مطابق اسرائیل کے ذریعہ غزہ پٹی میں قتل عام اور فلسطینی زمین پر قبضہ سے متعلق قدم نے عالمی سیکورٹی کو شدید جھٹکا پہنچایا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔