ہند-پاک جنگ بندی: ’پوتن کے معاون اشاکوف نے ابھی ابھی انکشاف کیا ہے کہ...‘، کانگریس ایک بار پھر مودی حکومت پر حملہ آور
جئے رام رمیش ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھتے ہیں ’’یوری اشاکوف نے بتایا ہے کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان مسلح جنگ کو روکنے میں صدر ٹرمپ کا ذاتی طور پر کردار رہا ہے۔‘‘

تصویر @INCIndia
’آپریشن سندور‘ کے بعد ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ہوئی جنگ بندی میں امریکی صدر ٹرمپ کا کردار لگاتار سرخیوں میں ہے۔ ایک طرف مرکز کی مودی حکومت کہہ رہی ہے کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ہوئی بات چیت کے بعد ہی جنگ بندی کا فیصلہ لیا گیا۔ اس جنگ بندی میں کسی تیسرے ملک کا کوئی کردار نہیں ہے۔ حالانکہ امریکی صدر ٹرمپ کئی بار کہہ چکے ہیں کہ انھوں نے ٹریڈ کا حوالہ دے کر ہند-پاک جنگ بندی کا راستہ ہموار کیا۔ یہی وجہ ہے کہ کانگریس لگاتار پی ایم مودی سے اس سلسلے میں بیان چاہتی ہے، لیکن ابھی تک انھوں نے خاموشی ہی اختیار کر رکھی ہے۔ اب ایک روسی لیڈر کا بیان سامنے آیا ہے، جس نے ایک بار پھر کانگریس کو مودی حکومت پر حملہ کرنے کا موقع فراہم کر دیا ہے۔
کانگریس جنرل سکریٹری جئے رام رمیش نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ جاری کیا ہے، جس میں وہ یوری اشاکوف کے ایک بیان کا تذکرہ کرتے ہیں۔ سوشل میڈیا پوسٹ میں وہ لکھتے ہیں کہ ’’(روسی) صدر ولادمیر پوتن کے معاون یوری اشاکوف نے ابھی ابھی انکشاف کیا ہے کہ 4 دن تک چلی ہندوستان-پاکستان جنگ کا معاملہ 4 جون کو (روسی) صدر پوتن اور (امریکی) صدر ٹرمپ کے درمیان 75 منٹ تک فون پر ہوئی بات چیت میں اٹھا تھا۔‘‘ وہ مزید لکھتے ہیں کہ ’’یوری اشاکوف نے یہ بھی بتایا کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان مسلح جنگ کو روکنے میں صدر ٹرمپ کا ذاتی کردار رہا ہے۔‘‘ یوری اشاکوف کے اس بیان کو پیش کرنے کے بعد جئے رام رمیش نے پی ایم مودی کے سامنے سوال قائم کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’کیا وزیر اعظم نریندر مودی اس پر کوئی وضاحت پیش کریں گے؟‘‘
قابل ذکر ہے کہ کانگریس ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ہوئی جنگ بندی پر لگاتار وزیر اعظم مودی سے سوال کر رہی ہے، لیکن وہ اس معاملے میں خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ کانگریس سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر سخت انداز میں حملہ آور دکھائی دے رہی ہے۔ کانگریس رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی بھی اپنی تقریروں میں لگاتار ’نریندر سرینڈر‘ جملہ استعمال کر رہے ہیں اور یہ ظاہر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ نریندر مودی نے امریکی صدر ٹرمپ کے سامنے سرینڈر، یعنی خودسپردگی کر دی۔ کانگریس نے آج ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں بھی ٹوپی پر انگریزی حروف میں ’نریندر سرینڈر‘ لکھا ہوا دکھایا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔