سال 2021: ہند-پاک سرحدی بستیوں کے لوگوں کے لئے امن و چین کا رہا سال

سرکاری ذرائع کے مطابق سال2021 کے دوران سرحدی بستیوں میں گزشتہ برسوں کے مقابلے میں امن و سکون چھایا رہا ہے اور کوئی بھی عام شہری جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کا نشانہ نہیں بنا۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

سری نگر: ہندوستان اور پاکستان کے درمیان سال رواں کے اوائل میں ہی جموں و کشمیر کے سرحدوں پر جنگ بندی معاہدے پر عمل در آمد پر اتفاق ہونے کے باعث سال 2021 سرحدی بستیوں کے لوگوں کے لئے پُرامن اور پُرسکون کا سال رہا۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق جموں و کشمیر کے سرحدوں پر سال 2020 کے دوران ہندوستان اور پاکستان کی فوج کے درمیان گولہ باری کے تبادلے کے زائد از پانچ ہزار واقعات رونما ہوئے تھے۔ یہ ان سرحدوں پر گزشتہ پندرہ برسوں کے دوران سب سے زیادہ تعداد میں ہونے والی جنگ بندی خلاف ورزیاں تھیں۔

ہندوستان اور پاکستان نے ڈی جی ایم او سطح کی ایک میٹںگ کے دوران لائن آف کنٹرول کے ساتھ ساتھ اس سے متصل سبھی سیکٹروں میں 24 اور 25 فروری 2021 کی شب سے جنگ بندی اور دیگر سمجھوتوں پر عمل کرنے پر اتفاق ظاہر کیا تھا۔ دونوں ممالک کے درمیان سال 2003 میں جنگ بندی معاہدہ طے پایا تھا لیکن اس کے باوصف سرحدوں پر طرفین کے درمیان ایک دوسرے کے ٹھکانوں کو نشانہ بنا کر گولہ باری کے تبادلے کا سلسلہ تواتر کے ساتھ جاری رہتا تھا جس کے نتیجے میں سرحدوں کے آر پار بے تحاشہ جانی و مالی نقصان ہوا ہے۔


ہندوستان کی پاکستان کے ساتھ 3 ہزار3 سو 23 کلو میٹر طویل سرحد ملتی ہے جس میں سے 221 کلو میٹر بین الاقوامی سرحد ہے جبکہ جموں و کشمیر میں پڑنے والی 740 کلو میٹرلمبی لائن آف کنٹرول (ایل او سی) ہے۔ سرکاری اعداد شمار کے مطابق سال 2021 کے وسط تک جموں و کشمیر کے سرحدوں پر پاکستان کی طرف سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کے صرف 664 واقعات رونما ہوئے جبکہ دراندازی کی بھی 28 کوششیں ہوئیں۔ مذکورہ اعداد و شمار کے مطابق سال رواں یعنی سال 2021 کے دوران سرحدوں پر 15 دراندازوں کو ہلاک کیا گیا جبکہ چار فوجی جوان بھی اپنی زندگیاں کھو بیٹھے۔

سال 2019 میں سرحدوں پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کے 3 ہزار2 سو 89 واقعات رونما ہوئے تھے جن میں 1 ہزار 5 سو 65 واقعات ماہ اگست کے بعد پیش آئے تھے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق سال2021 کے دوران سرحدی بستیوں میں گزشتہ برسوں کے مقابلے میں امن و سکون چھایا رہا ہے اور کوئی بھی عام شہری جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کا نشانہ نہیں بنا۔ سرحدی بستیوں کے لوگوں کا بھی ماننا ہے کہ سال 2021 کے دوران برس ہا برس کے بعد انہیں امن و چین نصیب ہوا۔ انہوں نے کہا کہ امسال ہم کئی برسوں کے بعد اچھی طرح سے اپنا کام کاج بھی کر سکے اور ہمارے بچے بھی بغیر کسی خوف و خطر کے کام کرنے یا کھیلنے کی غرض سے باہر جا سکے۔


تاہم سیکورٹی فورسز نے سال 2021 کے دوران سرحدوں پر بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کرنے کے علاوہ کروڑوں روپے مالیت کی منشیات بھی ضبط کی۔ شمالی کشمیر کے ضلع کپوارہ میں ایل او سی پر 14 اپریل کو دس کلو منشیات برآمد کی گئی جس کی بین الاقوامی بازار میں قیمت قریب 50 کروڑ روپے تھی اور اس کے بعد 25 جون کو شمالی کشمیر میں ہی لائن آف کنٹرول پر دو الگ الگ آپریشنز کے دوران جنگی ساز و سامان کے علاوہ 30 کروڑ روپے مالیت کی ہیروئن برآمد کی گئی۔ ماہ ستمبر میں فوج نے بتایا کہ لائن آف کنٹرول پر امسال جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کی سطح صفر پر آگئی ہے تاہم سرحد کے اس پار بیٹھے ملی ٹنٹوں نے دراندازی کرنے کی کچھ کوششیں کیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سال 2021 میں ایل او سی پر ضلع پونچھ اور اوڑی کے نوشہرہ سیکٹر میں در اندازی کی کوششوں کے دوران 15 ملی ٹنٹ مارے گئے جبکہ فوج کے چار جوان بھی اپنی زندگیوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ سال گزشتہ شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں ایل او سی پر جنگ بندی معاہدے کی 28 خلاف ورزیاں ہوئی تھیں جن کے نتیجے میں چار فوجی جوان اوور پانچ عام شہری جان بحق ہوئے تھے جبکہ کپوارہ میں ایل او سی پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کے16 واقعات پیش آئے تھے جن میں پانچ عام شہری اور 12 فوجی جوان از جان ہوئے تھے۔


حکومت کی طرف سے سرحدی سیاحت کو فروغ دینے کی ایک کڑی کے طور پر سال 2021 کے دوران کئی سرحدی سیاحتی مقامات کو دریافت کیا گیا اور سیاحوں کی بڑی تعداد ان مقامات پر پہنچی، سال 2021 کے دوران سرحدوں پر چھائی رہنے والی خاموشی سے جہاں سرحدی بستیوں کے لوگ خوش نظر آ رہے ہیں وہیں بعض لوگ ان خدشات کا بھی اظہار کر رہے ہیں کہ اس امن و چین کی فضا کی عمر کہیں کم نہ ہو۔ انہوں نے حکومت کی طرف سے ان کی بستیوں میں بنکر بنانے کی پہل کی سراہنا کی تاہم یہ بھی کہا کہ ان کی تعداد میں اضافہ کیا جانا چاہئے کیونکہ کسی بھی وقت جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کے واقعات دوبارہ رونما ہونا شروع ہو سکتے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔