مدھیہ پردیش میں شراب مافیا کا قہر جاری: کمل ناتھ

کمل ناتھ نے کہا کہ بی جے پی حکومت میں مافیاؤں کے حوصلے بلند ہیں۔ ریاستی حکومت کی کارروائی ڈھونگ ہے۔ بڑے مافیا اب بھی بے خوف ہو کر اپنا کام کر رہے ہیں۔

کمل ناتھ، تصوہر آئی اے این ایس
کمل ناتھ، تصوہر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

بھوپال: مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ کمل ناتھ نے آج الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں شراب مافیا کا قہر جاری ہے، یہ ضلع مرینا کے واقعہ سے واضح ہو جاتا ہے۔ کمل ناتھ نے ٹوئٹ کرکے کہا کہ پہلے ضلع اجین میں 16 افراد کی موت ہو گئی اور اب ضلع مرینا میں شراب مافیا نے 10 افراد کی جان لی ہے۔ انہوں نے ریاستی حکومت سے سوال کیا ہے کہ شراب مافیا آخر کب تک اس طرح عوام کی جان لیتے رہیں گے؟

سابق وزیر اعلیٰ کمل ناتھ نے بیماروں کو بہتر علاج کروانے اور خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت میں مافیاؤں کے حوصلے بلند ہیں۔ ریاستی حکومت کی کارروائی ڈھونگ ہے۔ بڑے مافیا اب بھی بے خوف ہو کر اپنا کام کر رہے ہیں۔


واضح ہو کہ مدھیہ پردیش کے ضلع مرینا میں مبینہ طور پر زہریلی شراب پینے سے آج صبح تک 10 افراد کی موت ہو گئی اور نصف درجن سے زائد افراد کا علاج جاری ہے۔ ضلع کلیکٹر انوراگ ورما نے ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے آج بتایا کہ ضلع کے باغ چینی تھانہ حلقے کے چھیرا مانپور اور سوماولی تھانہ حلقے کے پہاولی اور بیلَیَّا پورہ گاؤں کے 10 افراد کی موت ہو گئی ہے۔ ان میں سے کچھ کی مرینا اور کچھ کی گوالیار ضلع اسپتال میں گزشتہ رات سے آج صبح تک موت ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ابھی یہ واضح نہیں ہو سکا ہے کہ یہ موت زہریلی شراب پینے سے یا پھر کسی دوسری وجہ سے ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ لاشوں کی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد ہی موت کی وجوہات کا انکشاف ہو سکے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */