خاتون ریزرویشن بھی پی ایم مودی کا جملہ، نہ 2024 میں دیں گے نہ ہی 2029 میں: کھڑگے

کانگریس صدر کھڑگے نے کہا کہ کانگریس جب اچھے نظریات کو لے کر آگے بڑھتی ہے تو بی جے پی ہمیں ڈرانے کی کوشش کرتی ہے، لیکن آپ ڈریں مت، کانگریس کو مضبوط کریں۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر سوشل میڈیا</p></div>

تصویر سوشل میڈیا

user

قومی آوازبیورو

چھتیس گڑھ کے بلودا بازار میں کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ریاست میں پھر سے کانگریس حکومت آ رہی ہے۔ انھوں نے اس دوران بی جے پی پر خواتین ریزرویشن کو لے کر حملہ بھی کیا۔ کھڑگے نے کہا کہ پی ایم مودی خواتین کو ریزرویشن نہ آج دیں گے، نہ 2024 میں دیں گے اور نہ ہی 2029 میں دیں گے۔ وہ سالانہ دو کروڑ روزگار، ہر اکاؤنٹ میں 15 لاکھ روپے، کسانوں کی دوگنی آمدنی جیسے جملے پہلے ہی دے چکے ہیں۔ جب یہ ساری باتیں جملہ ہو سکتی ہیں تو خاتون ریزرویشن بھی ایک جملہ ہی ہے۔

کانگریس صدر کھڑگے نے وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل کی موجودگی میں آج ’راجیو گاندھی کسان نیائے یوجنا‘ کے تحت ضرورت مند کسانوں کے اکاؤنٹ میں پیسے بھی منتقل کیے۔ اس منصوبہ کے تحت 24 لاکھ سے زیادہ کسانوں کو تیسری قسط کی شکل میں تقریباً 1895 کروڑ روپے جاری کیے گئے ہیں۔ ساتھ ہی کھڑگے نے ’مکھیہ منتری نرمان شرمک پنشن سہایتا یوجنا‘ کا افتتاح کیا۔ اس منصوبہ کے تحت تعمیری کام کرنے والے ایسے مزدور جو 60 سال کی عمر مکمل کر چکے ہیں اور 10 سال تک رجسٹرڈ رہے ہیں، انھیں تاحیات 1500 روپے ہر ماہ پنشن کی شکل میں دی جائے گی۔ ساتھ ہی کھڑگے نے ’گئو دھن نیائے یوجنا‘ کے تحت استفادہ کنندہ کے اکاؤنٹ میں بھی پیسنے منتقل کیے۔ ریاست میں اب تک 3 لاکھ سے زیادہ مویشی پروروں کو ’گئو دھن نیائے یوجنا‘ کا فائدہ مل چکا ہے۔


مذکورہ تقریب کے بعد عظیم الشان جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کھڑگے نے سب سے پہلے ہندوستان میں سبز انقلاب کے بانی زرعی سائنسداں ایم ایس سوامی ناتھن کے انتقال پر انھیں خراج عقیدت پیش کیا۔ بعد ازاں انھوں نے تقریب میں موجود عوامی سیلاب سے کہا کہ ’’میں دیکھ رہا ہوں کہ بھوپیش بگھیل جی کی حکومت چھتیس گڑھ میں سبھی پروگرام اچھے سے چلا رہی ہے، جس کا فائدہ آپ سبھی کو مل رہا ہے۔ آپ کو اسے یاد رکھتے ہوئے آگے قدم بڑھانا ہے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ بلودابازار میں کانگریس حکومت نے 2300 کروڑ روپے کے منصوبے نافذ کیے ہیں۔ یہاں 5 سال میں کانگریس نے ریاستی عوام کے لیے جو کیا ہے، اسے دیکھ کر بی جے پی حیران ہوگی۔ بی جے پی کو یہ معلوم ہو گیا ہے کہ عوام کانگریس کے ساتھ ہے۔ اگر ہم لوگ اسی طرح ایک ہو کر کام کرتے رہے تو ہمیں کوئی نہیں ہٹا سکتا۔

خاتون ریزرویشن بل پر بی جے پی کو گھیرتے ہوئے کھڑگے نے کہا کہ انتخاب سے پہلے مودی حکومت خاتون ریزرویشن کے نام پر لوگوں کو ورغلا رہی ہے۔ خاتون ریزرویشن نیا نہیں ہے، راجیو گاندھی جی نے خواتین کو پنچایتی راج میں ریزرویشن دیا تھا۔ لیکن اب جو خاتون ریزرویشن بل پاس ہوا ہے، وہ 2034 میں نافذ ہوگا۔ مودی جی خواتین کو ریزرویشن نہ آج دیں گے، نہ 2024 میں دیں گے اور نہ ہی 2029 میں دیں گے۔ وہ سالانہ 2 کروڑ روزگار، ہر اکاؤنٹ میں 15 لاکھ روپے، کسانوں کی دوگنی آمدنی جیسے جملے پہلے ہی دے چکے ہیں۔ جب یہ ساری باتیں جملہ ہو سکتی ہیں تو خاتون ریزرویشن بل بھی ایک جملہ ہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ملک کو پہلی خاتون وزیر اعظم سے لے کر پہلی خاتون صدر جمہوریہ دینے کے پیچھے کانگریس کا تعاون رہا ہے۔ پی ایم مودی کہتے ہیں کہ وہ خواتین کا بڑا احترام کرتے ہیں، تو پھر خواتین کے لیے ریزرویشن کو فوراً نافذ کیوں نہیں کیا؟ جیسے ہاتھی کے دانت کھانے کے اور، دکھانے کے اور ہوتے ہیں، بی جے پی کے لوگوں کا بھی وہی حال ہے۔


کھڑگے نے کہا کہ کانگریس نے ہمیشہ غریبوں کے لیے کام کیا ہے۔ کانگریس کے عوامی فلاحی کاموں کی طویل فہرست ہے۔ ’نیائے یوجنا‘ کے تحت عام لوگوں کے اکاؤنٹ میں پیسہ پہنچا۔ 19 لاکھ کسانوں کا زرعی قرض معاف ہوا۔ 5 لاکھ سے زیادہ بے زمین زرعی مزدوروں کو ہر سال 7000 روپے کی معاشی مدد دی جا رہی ہے۔ 5 لاکھ سے زیادہ قبائلی بھائی بہنوں کو 101 لاکھ ایکڑ جنگلی زمین پر حق دلایا گیا۔ سوامی آتمانند انگلش میڈیم اسکول، 10 انگلش میڈیم کالج اور 8 میڈیکل کالج بنے۔

آخر میں کانگریس صدر کھڑگے نے کہا کہ کانگریس جب اچھے نظریات کو لے کر آگے بڑھتی ہے تو بی جے پی ہمیں ڈرانے کی کوشش کرتی ہے۔ میں آپ لوگوں سے یہی کہوں گا کہ ڈرو مت۔ آپ بے خوف ہو کر کانگریس کا ساتھ دیں، کانگریس کو مضبوط کریں۔ انھوں نے کہا کہ جلسہ میں امنڈی بھیڑ اور عوامی حمایت اس بات کا ثبوت ہے کہ چھتیس گڑھ میں کانگریس پھر سے آ رہی ہے۔


جلسہ عام سے چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل نے بھی خطاب کیا۔ انھوں نے کہا کہ گنا پیداوار سے جڑے 33642 کسانوں کے اکاؤنٹ میں 57 کروڑ 18 لاکھ روپے کی حوصلہ افزائی رقم بھیجی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی ’گئو دھن نیائے یوجنا‘ سے جڑے کسانوں کو 5 کروڑ 16 لاکھ اور ’شرم کلیان یوجنا‘ کے تحت مستفیدین کے اکاؤنٹ میں 55 کروڑ 16 لاکھ بھیجے گئے ہیں۔ یہ حکومت کسانوں اور مزدوروں کی حکومت ہے، جن کے مفاد کے لیے کئی منصوبوں کو نافذ کیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔