’تحقیقات کا دائرہ 8 ملازمین تک ہی کیوں محدود کر دیا گیا؟‘ رام مندر چندہ چوری معاملہ پر کانگریس کا سوال

جے رام رمیش کے مطابق 5 جون کو چمپت رائے کی رہائش گاہ پر انل مشرا، گوپال جی اور نریندر جی نے لیپ ٹاپ پر چوری کی ویڈیو دیکھی۔ یعنی ٹرسٹ کے اعلیٰ عہدیداروں کے سامنے چوری کے ثبوت آ چکے تھے۔

کانگریس کے سینئر لیڈر جے رام رمیش / آئی اے این ایس
i

رام مندر چندہ چوری معاملہ پر کانگریس نے ایک بار پھر مرکز کی مودی حکومت کو تنقید کا نشاہ بنایا ہے۔ کانگریس کے جنرل سکریٹری جے رام رمیش نے ’چڑھاوا چوری، عقیدہ سے دھوکہ‘ عنوان کے ساتھ ایک طویل سوشل میڈیا پوسٹ کی۔ وہ لکھتے ہیں کہ ’’رام مندر میں چڑھاوے کی رقم کی چوری کے معاملے میں 74 ہزار صفحات پر مشتمل چارج شیٹ داخل کی گئی ہے۔ لیکن سوال یہ ہے کہ کیا اس چارج شیٹ میں چوری کے واقعات کی مکمل تفصیلات موجود ہیں یا صرف 8 ملازمین کو ملزم بنا کر بڑے ناموں اور سنگین سوالات پر پردہ ڈال دیا گیا ہے؟ چارج شیٹ کے مطابق 4 جون 2026 کی رات چمپت رائے کے واٹس ایپ پر چوری کی ویڈیو پہنچی تھی۔ ویڈیو میں باتھ روم میں رکھے 2.25 لاکھ روپے کے نوٹوں کے بنڈل دکھائی دے رہے تھے۔ اس کے ساتھ پیغام بھی تھا کہ کئی دنوں سے چوری ہو رہی ہے۔‘‘

کانگریس لیڈر کے مطابق 5 جون کو چمپت رائے کی رہائش گاہ پر انل مشرا، گوپال جی اور نریندر جی نے لیپ ٹاپ پر چوری کی ویڈیو دیکھی۔ یعنی ٹرسٹ کے اعلیٰ عہدیداروں کے سامنے چوری کے ثبوت آ چکے تھے۔ اس کے باوجود ایف آئی آر 25 جون کو درج کی گئی۔ ویڈیو ملنے کے بعد 21 دن تک کوئی کارروائی کیوں نہیں ہوئی؟ اس تاخیر کی ذمہ داری کس کی ہے؟ واقعات کی تاریخوں سے سوالات اور صورتحال بالکل واضح ہو جاتی ہے:

4 جون: چمپت رائے کو چوری کی ویڈیو ملی۔

5 جون: ان کی رہائش گاہ پر چوری کی ویڈیو دیکھی گئی۔

13 جون: ریاستی حکومت نے ایس آئی ٹی تشکیل دی۔

16 سے 18 جون: 3 الگ الگ افراد نے پولیس میں شکایات درج کرائیں۔

23 جون: ایس آئی ٹی کی ابتدائی رپورٹ میں 8 نام سامنے آئے۔

25 جون: 21 دن بعد ایف آئی آر درج ہوئی اور گرفتاریاں شروع ہوئیں۔

جے رام رمیش کا کہنا ہے کہ ان 21 دنوں کے دوران ملزم نہ تو فرار ہوئے اور نہ ہی غائب ہوئے۔ کیا انہیں یقین تھا کہ ان کا کچھ نہیں بگڑے گا؟ پھر ایف آئی آر درج کرنے میں اتنی تاخیر کیوں ہوئی؟


راجیہ سبھا رکن جے رام رمیش نے مزید لکھا کہ ’’چارج شیٹ کے مطابق پکڑے جانے کے بعد ملزموں نے چوری کی رقم اور زیورات چمپت رائے، گووند جی اور ٹرسٹ کے ملازمین کی موجودگی میں حوالے کیے۔ اس کے باوجود چمپت رائے، انل مشرا اور گوپال راؤ کو ملزم نہیں بلکہ گواہ بنایا گیا۔ چارج شیٹ میں وہ بالترتیب گواہ نمبر 18، 17 اور 19 ہیں۔ سوال یہ نہیں ہے کہ کسے ملزم بنایا گیا اور کسے گواہ۔ سوال یہ ہے کہ جن اعلیٰ عہدیداروں تک چوری کے ثبوت پہنچے، جن کی موجودگی میں برآمدگی ہوئی، ان کے کردار کی جانچ کس حد تک ہوئی؟‘‘ ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ ’’زمین کے سودوں کو لے کر اٹھے سوالات بھی نئے نہیں ہیں۔ 2021 میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ 2 کروڑ روپے میں خریدی گئی زمین محض 10 منٹ بعد ٹرسٹ کو 18.5 کروڑ روپے میں فروخت کر دی گئی۔ ٹرسٹ کی جانب سے یہ زمین چمپت رائے نے خریدی تھی اور انل مشرا کو اس سودے کا گواہ بتایا گیا تھا۔ گواہ ہونے کا مطلب ہے کہ وہ براہ راست اس پورے معاملے کے دوران وہاں موجود اور شامل تھے!‘‘

جے رام رمیش کا کہنا ہے کہ ’’کانگریس نے اس وقت بھی سپریم کورٹ کی نگرانی میں جانچ کا مطالبہ کیا تھا۔ دسمبر 2021 میں پرینکا گاندھی جی نے پھر سپریم کورٹ کے مداخلت کی اپیل کی اور حکومت کی جانچ پر سوالات اٹھائے۔ حکومت نے جانچ کمیٹی تو تشکیل دی، لیکن اس کی رپورٹ آج تک عوام کے سامنے نہیں آئی۔ کیوں؟‘‘ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ’’جولائی 2026 میں زمین کے سودوں کی دوبارہ جانچ شروع ہونے اور چمپت رائے سے پوچھ گچھ کی خبریں سامنے آئی تھیں۔ پھر چارج شیٹ میں ان سودوں کا کیا ذکر ہے؟ جانچ شروع ہوئی تو اس کا نتیجہ کہاں ہے؟‘‘ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ’’چارج شیٹ میں چوری کے 304 واقعات کا ذکر ہونے کی بات سامنے آئی ہے۔ لیکن سی سی ٹی وی فوٹیج کے ٹائم اسٹیمپ اور جانچ کی مکمل تاریخ وار تفصیلات عوام کے سامنے کیوں نہیں ہیں؟ جانچ کس مدت کی فوٹیج کی بنیاد پر کی گئی؟ تحقیقات کا دائرہ صرف 8 ملازمین تک ہی کیوں محدود کر دیا گیا؟


کانگریس لیڈر نے اپنی پوسٹ میں مطالبہ کیا ہے کہ عوام کو پوری حقیقت بتائی جائے۔ بی جے پی حکومت کو ان سوالات کے جواب دینے چاہئیں:

  1. چوری کی ویڈیو 4 جون کو ملنے اور 5 جون کو دیکھے جانے کے باوجود 25 جون تک ایف آئی آر کیوں درج نہیں ہوئی؟

  2. 200 کروڑ روپے سے زائد کی ہیرا پھیری کے الزامات پر مبنی سنتوش دوبے کی شکایت پر ایف آئی آر کیوں درج نہیں ہوئی؟

  3. 2021 کے زمین کے سودوں کی جانچ کرنے والی کمیٹی کی رپورٹ کہاں ہے؟ اسے عوام کے سامنے کیوں نہیں لایا گیا؟

  4. چوری کے 304 واقعات کی تاریخ وار سی سی ٹی وی ٹائم لائن اور جانچ کی مکمل تفصیلات عوام کے سامنے کیوں نہیں ہیں؟

  5. ٹرسٹ کے اعلیٰ عہدیداروں کے کردار کی جانچ اور جوابدہی کس نے طے کی؟

جب چوری کے ثبوت ملنے، ایف آئی آر درج ہونے اور تفتیش کے عمل پر ہی اتنے سوالات اٹھ رہے ہیں تو کیا اب ایس آئی ٹی کے طریقۂ کار کی بھی آزادانہ جانچ ضروری نہیں ہو گئی ہے؟

جے رام رمیش کے مطابق کانگریس کا مطالبہ ہے کہ سپریم کورٹ کی نگرانی میں آزادانہ جانچ کرائی جائے اور جانچ کی رپورٹ براہ راست عدالت میں پیش کی جائے۔ جانچ کا دائرہ صرف 8 ملازمین تک محدود نہ رہے بلکہ ٹرسٹ کے کام کاج اور ہر ذمہ دار شخص کے کردار کی بھی چھان بین کی جائے۔ ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ رام مندر کروڑوں ہم وطنوں کی عقیدت کی علامت ہے۔ رام کے نام پر چڑھائے گئے ایک ایک روپے کا حساب ملنا چاہیے۔ کسی کو بھی جوابدہی سے بچنے کی چھوٹ نہیں دی جا سکتی۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔