مودی حکومت کورونا کو ’قدرتی آفت‘ کیوں قرار نہیں دے رہی: کانگریس

کانگریس ترجمان گورو بلبھ نے کہا کہ حکومت کو کورونا متاثرین کے لواحقین سے ہمدردی رکھنی چاہئے اور اس وبا کی وجہ سے اپنے اہل خانہ کو کھونے والوں کے لواحقین سے تعزیت کرتے ہوئے ان کی مالی امداد کی جائے۔

کانگریس، تصویر یو این آئی
کانگریس، تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

نئی دہلی: کانگریس نے ایک بار پھر مرکز کی مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کورونا متاثرین کے حق میں آواز بلند کی ہے۔ کانگریس ترجمان گورو بلبھ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ کورونا کی وجہ سے ملک میں لاکھوں افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں اور کروڑوں لوگ متاثر ہوئے ہیں، لیکن مرکزی حکومت اس وبا کو ’قدرتی آفت‘ قرار دینے سے بچ رہی ہے۔ حکومت کو اسے ایک قدرتی آفت اعلان کر کے ہر ایک کورونا سے مرنے والوں کے اہل خانہ کو دس لاکھ روپے کی مدد کرنی چاہئے۔

کانگریس ترجمان نے پیر کو یہاں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ حکومت کو کورونا سے متاثرین کے لواحقین سے ہمدردی رکھنی چاہئے اور اس وبا کی وجہ سے اپنے اہل خانہ کو کھونے والوں کے لواحقین سے تعزیت کرتے ہوئے ان کی مالی امداد دی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مرکزی حکومت نے عدم سنجیدگی کا اظہار کرتے ہوئے سپریم کورٹ کے روبرو کورونا کی وجہ سے اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھنے والوں کے اہل خانہ کو امداد دینے سے انکار کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح سے حکومت کا انکار کرنا کورونا واریئروں کی توہین ہے جو سب سے آگے رہ کر کورونا کے خلاف لڑتے ہوئے مر گئے۔


ترجمان نے کہا کہ جب امریکہ کووڈ-19 کو قدرتی آفات قرار دے سکتا ہے اور یہ وبا ہر لحاظ سے تباہی کے زمرے میں آتی ہے تو پھر مودی حکومت اس کو قدرتی آفات سمجھنے سے کیوں انکار کر رہی ہے۔ انہوں نے حکومت سے یہ بھی سوال کیا کہ جو لوگ اپنے اہل خانہ کو وبا میں کھو چکے ہیں ان کے لئے حکومت نے کیا اقدامات کئے ہیں اور انہیں معاوضے سے انکار کیوں کیا جارہا ہے؟

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */