آخر بی جے پی پر کیوں لگ رہا ’سَنگھ جہاد‘ کا الزام؟

کانگریس لیڈر سچن ساونت کا کہنا ہے کہ ’’یقینی طور پر ملک میں عوام کے لیے الگ قانون ہوتا ہے اور بی جے پی کے لیے الگ۔ یہاں ہم یہ سوال پوچھنا چاہیں گے کہ کیا ’سَنگھ جہاد‘ کا جواب بی جے پی لیڈران دیں گے؟‘‘

سچن ساونت، تصویر آئی اے این ایس
سچن ساونت، تصویر آئی اے این ایس
user

تنویر

ابھی تک بی جے پی اپنے مخالفین پر ’لو جہاد‘ اور ’لینڈ جہاد‘ جیسے الزامات عائد کرتی رہی تھی، لیکن اب اس پر بھی ایک خاص جہاد کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ بی جے پی پر مہاراشٹر کانگریس کے ترجمان سچن ساونت نے ’سَنگھ جہاد‘ کا الزام عائد کرتے ہوئے سوال کیا ہے کہ کیا سی اے اے قانون میں امت شاہ نے بی جے پی کے لیے کچھ خاص انتظام رکھا ہے؟

دراصل ممبئی پولس نے حال ہی میں ایک بنگلہ دیشی شہری کو گرفتار کیا ہے جو کہ غیر قانونی طور پر ہندوستان میں مقیم تھا۔ پوچھ تاچھ کے بعد انکشاف ہوا کہ وہ شخص طویل مدت سے بی جے پی کے نارتھ ممبئی مائنارٹی سیل کے ہیڈ کی شکل میں کام کر رہا تھا۔ ملزم کا نام روبیل زونو شیخ بتایا گیا ہے اور اس پر فرضی کاغذات کے ذریعہ ہندوستان میں رہنے کا الزام لگا ہے۔ اسی تعلق سے ایک ویڈیو ٹوئٹ کرتے ہوئے کانگریس لیڈر سچن ساونت نے کہا کہ ’’بی جے پی کے کچھ عہدیدار گئوماتا کی اسمگلنگ کرتے ہوئے نظر آ چکے ہیں۔ اس کے علاوہ کچھ عہدیدار پاکستانی ایجنسی آئی ایس آئی کے ایجنٹ بھی نکل چکے ہیں۔ لیکن ابھی بی جے پی نے مزید ترقی کی ہے، کیونکہ ابھی شمالی ممبئی کا بی جے پی اقلیتی وِنگ کا جو ضلع صدر ہے روبیل شیخ، وہ تو بنگلہ دیشی نکلا ہے۔‘‘


ساونت نے اس ٹوئٹ میں سوال اٹھایا ہے کہ کیا یہ بی جے پی کا ’سَنگھ جہاد‘ ہے۔ کیا سی اے اے قانون میں بی جے پی کے لیے امت شاہ نے کچھ خاص انتظام کیے ہیں۔ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’یقینی طور پر ملک میں عوام کے لیے الگ قانون ہوتا ہے اور بی جے پی کے لیے الگ قانون ہوتا ہے۔ تو یہاں ہم یہ سوال پوچھنا چاہیں گے کہ کیا ’سَنگھ جہاد‘ کا جواب بی جے پی کے لیڈر دیں گے؟‘‘

جہاں تک روبیل شیخ کی گرفتاری کا سوال ہے، سینئر پولس انسپکٹر بھالے راؤ شیکھر نے کہا کہ ’’ہم نے ملزم کو فرضی دستاویز بنوانے کے لیے گرفتار کیا ہے۔ فرضی دستاویزوں کے ذریعہ اس نے فرضی آدھار کارڈ اور پین کارڈ بھی بنوا لیا۔ ابھی اسے عدالتی حراست میں رکھا گیا ہے۔ اس پر فارنرس ایکٹ اور تعزیرات ہند کی دفعات میں کیس درج کیا گیا ہے۔‘‘


پولس افسران کا کہنا ہے کہ روبیل شیخ بنگلہ دیش کے جسُر ضلع کے بوالیا گاؤں کا رہنے والا ہے۔ وہ 2011 میں بغیر کسی دستاویز کے ہندوستان میں گھسا تھا۔ ملزم نے بی جے پی کے لیے کام کیا اور بعد میں بی جے پی شمالی ممبئی اقلیتی وِنگ کا صدر بن گیا۔ اس نے اس دوران فرضی دستاویزات بھی تیار کروا لیے۔ ملزم کے گھر کی تلاشی میں پولس کو مالاپوٹا گرام پنچایت کا رہائشی سرٹیفکیٹ، ہنساکھلی کا پیدائشی سرٹیفکیٹ اور نادیا ضلع کا اسکول سرٹیفکیٹ ملا ہے۔ یہ تینوں ہی جگہ مغربی بنگال میں ہیں۔ پولس کی ایک ٹیم ان سبھی مقامات پر گئی اور جانچ کے دوران سبھی دستاویزات کو فرضی پایا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔