مہاراشٹر کے کسان نے 200 کوئنٹل پیاز لوگوں میں مفت تقسیم کیوں کی؟

شیرگاؤں شہر کے مالی پورہ احاطہ میں رہنے والے کیلاس پمپلے نے تقریباً 200 کوئنٹل پیاز کی فصل گھر کے سامنے رکھی تھی، یہ فصل دھوپ کی وجہ سے خراب ہو رہی تھی اس لیے لوگوں میں مفت تقسیم کرنے کا فیصلہ لیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

مہاراشٹر میں ایک حیرت انگیز واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک کسان نے 200 کوئنٹل پیاز لوگوں میں مفت تقسیم کرنے کا اعلان کیا۔ پیاز مفت ملنے کی خبر جب لوگوں کو ہوئی تو وہ بوریاں بھر بھر کر اسے اپنے گھر لے گئے۔ لیکن کسان نے یہ قدم اپنی خوشی سے نہیں اٹھایا، بلکہ پیاز کی قیمتوں میں اچانک آئی گراوٹ سے پریشان ہو کر اسے مفت تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا۔ دراصل مہاراشٹر میں پیاز کی پیداوار کرنے والے کسانوں کی حالت انتہائی دگرگوں ہے۔ پوری فصل فروخت کرنے کے بعد بھی وہ خرچ کا نصف حصہ بھی نہیں نکال پا رہے ہیں۔

مہاراشٹر کے کئی علاقوں میں پیاز کی قیمتوں میں زبردست گراوٹ دیکھنے کو مل رہی ہے۔ اس سے کسانوں کے سامنے زبردست بحران کھڑا ہو گیا ہے۔ پیاز فروخت نہ ہو پانے سے ہی پریشان ہو کر ایک کسان نے 200 کوئنٹل یعنی 20 ہزار کلو پیاز لوگوں میں مفت تقسیم کر دی۔ یہ کسان بلڈھانہ ضلع کے شیگاؤں کا رہنے والا ہے جس کا نام کیلاش پمپلے ہے۔ اس کے پاس ساڑھے تین ایکڑ کھیت ہے۔ وہ دو ایکڑ میں پیاز کی کھیتی کرتا ہے۔ کیلاش کا کہنا ہے کہ اس بار فصل بھی اچھی ہوئی تھی۔ 2 لاکھ روپے کی لاگت آئی تھی، لیکن پیاز کی قیمتوں میں اچانک آئی گراوٹ نے کہیں کا نہیں چھوڑا۔ بازار میں پیاز 4 سے 5 روپے کلو فروخت ہو رہا ہے۔ ایسے میں کسانوں سے پیاز خریدنے والے کاروباری فصل کی صحیح قیمت نہیں دے رہے۔


کسانوں کا کہنا ہے کہ ان کے پاس اپنی پیاز کی فصل منڈی لے جانے کا انتظام بھی نہیں ہے۔ کسی طرح انتظام کر بھی لیا جائے تو کوئی فائدہ نہیں، کیونکہ منڈی میں فصل لے جانے کے لیے لگنے والا خرچ بھی پیاز فروخت کرنے کے بعد وصول نہیں ہو پائے گا۔ شیرگاؤں شہر کے مالی پورہ احاطہ میں رہنے والے کیلاس پمپلے نے 150 سے 200 کوئنٹل پیاز کی فصل گھر کے سامنے رکھی تھی۔ یہ فصل دھوپ کی وجہ سے خراب ہو رہی تھی۔ اسٹوریج کی کوئی سہولت ان کے پاس نہیں تھی۔ کسان نے لوگوں سے اس کی پیاز کی فصل مفت میں لے جانے کی گزارش کی۔ پہلے تو لوگوں کو یقین ہی نہیں ہوا، لیکن کسان کے بار بار کہنے پر لوگوں کی بھیڑ پیاز لے جانے کے لیے امنڈ پڑی۔ کسان بھیڑ کے ذریعہ پیاس کی فصل کو لے جاتے ہوئے دیکھتا رہا اور آنکھوں سے آنسو بہتا رہا۔ اس سے کچھ دن پہلے بھی ضلع کے ایک کسان نے اپنی پیاز کی فصل بھیڑ بکریوں کو کھلا دی تھی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔