راجستھان: راہل گاندھی نے بانسواڑہ میں کہا- مودی حکومت دو ہندوستان بنانا چاہتی ہے

راہل گاندھی نے کہا کہ ہندوستان میں دو نظریات کی لڑائی ہے، کانگریس سب کی حفاظت کرتی ہے تو بی جے پی قبائلیوں کو دبانے کا کام کرتی ہے۔ ہم کمزوروں کی مدد کرتے ہیں، وہ منتخب صنعت کاروں کی مدد کرتے ہیں۔

راہل گاندھی
راہل گاندھی
user

پون نوٹیال

اُدے پور میں کانگریس چنتن شیویر کے بعد کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی آج راجستھان کے ڈونگر پور پہنچے، جہاں انہوں نے بنیشور دھام پہنچ کر پوجا ارچنا کی۔ اس کے بعد راہل گاندھی اور وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے بینشور دھام میں 132 کروڑ روپے کی لاگت سے بنائے جانے والے پُل کا سنگ بنیاد رکھا۔ ساتھ ہی راہل گاندھی نے بانسواڑہ سرحدی علاقے میں ایک جلسہ عام سے خطاب کیا۔ راہل گاندھی نے سب سے پہلے بدھ پورنیما کی مبارکباد دی۔ راہل گاندھی نے کہا کہ آج میں نے بنیشور دھام میں پوجا اور اس پُل کا سنگ بنیاد رکھ کر خوشی ہوئی۔ راہل گاندھی نے کہا کہ جب بھی یہاں میلہ لگے گا تو میں بھی آپ کے ساتھ یہاں پہنچوں گا اور درشن کروں گا۔ میں بھی قبائلیوں کے اس عظیم کمبھ کا گواہ بننا چاہتا ہوں۔

راہل گاندھی نے کہا کہ کانگریس اور قبائلیوں کا گہرا رشتہ ہے۔ آپ کی جو تاریخ ہے ہم اس کی حفاظت کرتے ہیں۔ ہم آپ کی تاریخ کو مٹانا نہیں چاہتے۔ جب یو پی اے حکومت تھی تو ہم قبائلیوں کے لیے زمین، جنگل اور پانی کے تحفظ کے لیے قانون لائے تھے۔ حصول اراضی بل جیسے قوانین کے ذریعے آپ کی دولت کی حفاظت کی اور اس سے قبائلیوں کو فائدہ پہنچایا۔ راہل گاندھی نے کہا کہ ہندوستان میں دو نظریات کی لڑائی ہے۔ ایک طرح کانگریس سب کی حفاظت کرتی ہے تو دوسری طرف بی جے پی ہے جو قبائلیوں کو دبانے اور ختم کرنے کا کام کرتی ہے۔ ہم متحد کرنے کے لیے کام کرتے ہیں، وہ تقسیم کرنے کے لیے کام کرتے ہیں۔ ہم کمزوروں کی مدد کرتے ہیں اور وہ منتخب صنعت کاروں کی مدد کرتے ہیں۔ آج ہندوستان میں روزگار نہیں ہے، مہنگائی بڑھ رہی ہے۔ لیکن مجھے خوشی ہے کہ راجستھان حکومت غریبوں اور قبائلیوں کے لیے کام کر رہی ہے۔


راہل گاندھی نے کہا کہ آج ہم نے 132 کروڑ روپے کے پُل کا سنگ بنیاد رکھا، اس پل سے سب کو فائدہ ہوگا۔ راجستھان پورے ملک میں صحت کے معاملے میں تمام ریاستوں سے آگے ہے۔ یہاں 10 لاکھ روپے تک کا علاج مفت ہے، آپ پورے ہندوستان میں کہیں بھی جا کر پوچھ سکتے ہیں کہ کیا غریبوں کو صحت کے لیے اتنے پیسے ملتے ہیں؟

راہل گاندھی نے کہا کہ گہلوت جی نے کہا کہ انگریزی میڈیم اسکول کھولے جا رہے ہیں۔ قبائلیوں کو انگریزی سے بہت فائدہ ہوگا۔ انگریزی کے ذریعے وہ کہیں بھی ملازمت حاصل کر سکتے ہیں۔ میں گہلوت جی، حکومت کے وزراء کو مبارکباد دینا چاہتا ہوں کہ آپ غریبوں، صحت، تعلیم، انفراسٹرکچر کے لیے کام کر رہے ہیں۔ میں نے آپ کو ملک کا حال بتایا۔ بی جے پی حکومت نے معیشت پر حملہ کیا۔ پی ایم نے نوٹ بندی کی، غلط جی ایس ٹی نافذ کی۔ جس نے ہماری معیشت کو تباہ کیا۔ آج ملک میں نوجوانوں کو روزگار نہیں مل سکتا۔ راہل گاندھی نے کہا کہ یہ حکومت کسانوں کے خلاف کالے قانون لائی۔ اس قانون سے صرف 2-3 تاجروں کو فائدہ ہوگا۔


راہل گاندھی نے کہا کہ بی جے پی دو ہندوستان بنانا چاہتی ہے۔ ایک صنعتکاروں کا اور دوسرا غریبوں، دلتوں اور پسماندوں کا۔ راہل گاندھی نے کہا کہ ہمیں دو ہندوستان نہیں چاہئے، ہم ایک ہندوستان چاہتے ہیں۔ ہندوستان میں ہر شخص کو اپنے خوابوں کو پورا کرنے کا موقع ملنا چاہیے۔ راہل گاندھی نے کہا کہ یہی ہماری لڑائی ہے۔ گہلوت حکومت عوام کی بھلائی کے لیے کام کرتی ہے، لیکن بی جے پی حکومت والی ریاستوں میں امیروں کے لیے کام ہوتا ہے، تاجروں کے لیے کام ہوتا ہے۔ تعلیم اور صحت کی بات ہی نہیں ہوتی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔