جب حکومت بدلے گی تو جمہوریت کو پامال کرنے والوں پر کارروائی ضرور ہوگی: راہل گاندھی

راہل گاندھی نے کہا کہ جب حکومت تبدیل ہوگی تو جمہوریت کو پامال کرنے والوں کے خلاف کارروائی ضرور ہوگی اور ایسی کارروائی ہوگی کہ دوبارہ کسی کی ہمت نہیں ہوگی یہ سب کرنے کی، یہ میری گارنٹی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>راہل گاندھی / آئی اے این ایس</p></div>

راہل گاندھی / آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

محکمہ انکم ٹیکس کی جانب سے ٹیکس ادائیگی کا نوٹس جاری کیے جانے کے معاملے پر کانگریس نے بالواسطہ بی جے پی پر سخت حملہ کیا ہے۔ پارٹی کے سابق صدر راہل گاندھی نے ایک ویڈیو جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب حکومت تبدیل ہوگی تو جمہوریت کو پامال کرنے والوں پر کارروائی ضرور ہوگی اور ایسی کارروائی ہوگی کہ دوبارہ کسی کی ہمت نہیں ہوگی یہ سب کرنے کی، یہ میری گارنٹی ہے۔

راہل گاندھی نے جمعہ (29 مارچ) کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اپنی ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں وہ کہہ رہے ہیں کہ ’’اگر سی بی آئی اپنا کام کرتی، اگر ای ڈی اپنا کام کرتی تو ایسا نہیں ہوتا۔ اس لیے انہیں یہ بھی سوچنا چاہیے کہ وہ جو یہ سب کر رہے ہیں، کسی نہ کسی دن بی جے پی کی حکومت بدلے گی اور پھر کارروائی ہوگی، اور ایسی کارروائی ہوگی کہ میں گارنٹی دے رہا ہوں کہ ایسا دوبارہ کبھی نہیں ہوگا۔ اس لیے انہیں بھی سوچنا چاہیے۔‘‘


قابل ذکر ہے کہ مرکزی ایجنسیوں کی کارروائی سے متعلق آج کانگریس نے پریس کانفرنس بھی کیا۔ اس میں کانگریس کے لیڈران نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات سے عین قبل انکم ٹیکس محکمہ نے پانچ مختلف مالی سال کے ٹیکس ریٹرن میں مبینہ بے قاعدگیوں کے لیے 1823.08 کروڑروپئے کی ادائیگی کے لیے نوٹس جاری کیے ہیں لیکن اس نے بی جے پی کے تعلق سے اپنی آنکھیں بند کرلی ہیں، جبکہ اس پر 4600 کروڑ روپے کا جرمانہ بنتا ہے۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس جنرل سکریٹری جے رام رمیش نے دعویٰ کیا کہ لوک سبھا انتخابات سے قبل اپوزیشن پر ’ٹیکس دہشت گردی‘ (ٹیکس ٹیررزم) کے ذریعے حملہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’پورے ملک کو معلوم ہو چکا ہے کہ بی جے پی نے الیکٹورل بانڈ گھوٹالے کے ذریعے تقریباً 8,250 کروڑ روپے کا چندہ اکٹھا کیا ہے۔ بی جے پی حکومت مختلف طریقوں سے مسلسل اپوزیشن پارٹیوں کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’ہم ڈرنے والے نہیں ہیں، اپنی انتخابی مہم جاری رکھیں گے، جو لوگ ڈرانے کی کوشش کر رہے ہیں وہ خود ہی ڈرے ہوئے ہیں۔‘‘


کانگریس جنرل سکریٹری جئے رام رمیش نے کانگریس اور بی جے پی پر جرمانے سے متعلق دستاویزات سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر پیش بھی کیا۔ واضح رہے کہ محکمہ انکم ٹیکس کی جانب سے 210 کروڑ روپئے کا جرمانہ لگائے جانے اور بینک اکاؤنٹ منجمد کیے جانے کی وجہ سے کانگریس پہلے ہی مالی قلت کا سامنا کر رہی ہے۔ اس معاملے میں پارٹی کو ہائی کورٹ سے کوئی راحت نہیں ملی ہے اور وہ جلد ہی سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ پارٹی نے بی جے پی پر الزام لگایا ہے کہ وہ 19 اپریل سے شروع ہونے والے لوک سبھا انتخابات سے پہلے اسے معاشی طور پر کمزور کر رہی ہے اور اس کے خلاف افسران کا استعمال کر رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔