رام مندر میں اگر نئی مورتی رکھی جائے گی تو ’رام للا براجمان‘ کا کیا ہوگا؟ شنکراچاریہ اویمکتیشورانند کا سوال

کسی نئی مورتی کو زیر تعمیر مندر کے گربھ گرہ میں پرتشٹھا کے لیے لے جانے پر شنکراچاریہ نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اس سے رام للا براجمان نظر انداز ہو جائیں گے

<div class="paragraphs"><p>شنکراچاریہ اوی&nbsp; مکتیشورانند اور ان کا لکھا ہوا مکتوب / سوشل میڈیا</p></div>

شنکراچاریہ اوی مکتیشورانند اور ان کا لکھا ہوا مکتوب / سوشل میڈیا

user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: جیوتیر مٹھ کے شنکراچاریہ سوامی اویمکتیشورانند سرسوتی نے رام مندر کی پران پرتشٹھا سے پہلے شری رام جنم بھومی ٹرسٹ کو ایک مکتوب لکھتے ہوئے سوال کیا ہے کہ رام مندر کے احاطے میں اگر نئی مورتی نصب کی جائے گی تو رام للا براجمان کا کیا ہوگا؟

شنکراچاریہ نے رام جنم بھومی ٹرسٹ کے صدر مہنت نرتیہ گوپال داس کو لکھے اپنے مکتوب میں کہا، ’’کل میڈیا کے ذریعے پتہ چلا کہ رام للا کی مورتی کسی مخصوص جگہ سے رام مندر کے احاطے میں لائی گئی ہے اور اسی کی پران پرتشٹھا زیرتعمیر مندر کے گربھ گرہ میں کی جانی ہے۔ ایک ٹرک بھی دکھایا گیا ہے، جس کے بارے میں بتایا جا رہا ہے کہ اسی میں وہ مورتی لائی جا رہی ہے۔‘‘


انہوں نے کہا، ’’اس سے یہ بات واضح ہو جاتی ہے کہ نو تعمیر شدہ رام مندر میں کسی نئی مورتی کو نصب کیا جائے گا، جبکہ رام للا براجمان تو پہلے سے ہی احاطے میں موجود ہیں۔ یہاں سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اگر نئی مورتی نصب کی جائے گی تو رام للا براجمان کا کیا ہوگا؟ ابھی تک رام بھکت یہی سمجھتے تھے کہ یہ نیا مندر رام للا براجمان کے لیے بنایا جا رہا ہے لیکن اب کسی نئی مورتی کو زیرتعمیر مندر کے گربھ گرہ میں پرتشٹھا کے لیے لے جانے پر شک پیدا ہو رہا ہے کہ اس سے رام للا براجمان نظر انداز تو نہیں ہو جائیں گے؟‘‘

شنکراچاریہ اویمکتیشورانند نے مکتوب میں مزید لکھا، ’’یاد رکھئے یہ وہی رام للا براجمان ہیں جو اپنی جنم بھومی پر خود پرکٹ ہوئے۔ جس کی گواہی مسلم چوکیدار نے بھی دی۔ جنہوں نے پرکٹ ہو کر وہاں کے مخالف حالات کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ جنہوں نے برسہا برس ٹینٹ میں رہ کر دھوپ، بارش اور سردی برداشت کی۔ جنہوں نے عدالت میں خود کا مقدمہ لڑا اور جیتا۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ رام مندر کے لیے بے شمار لوگوں نے قربانیاں دیں اور اپنی زندگیاں وقف کیں۔


یہاں یہ بات واضح رہے کہ رام للا براجمان کی مورتی سے متعلق ابھی تک کوئی واضح بات سامنے نہیں آئی ہے کہ اس کا کیا ہوگا، وہ کہاں رکھی جائے گی اور اس کی پوجا وغیرہ کیسے کی جائے گی۔ لیکن رام جنم بھومی ٹرسٹ کے جنرل سکریٹری چمپت رائے نے ایک سوال کے جواب میں یہ ضرور کہا ہے کہ رام للا براجمان کی مورتی کو اسی نئے رام مندر کے گربھ گرہ میں رکھا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔