موسم کا حال: راجدھانی دہلی میں گرمی کی دستک، درجہ حرارت 31 ڈگری سے متجاوز

دہلی میں حرارت نے پیر کے روز اپنی آمد کا احساس دلا دیا، یہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 ڈگری سیلسیس سے تجاوز کر گیا ہے۔ اب آہستہ آہستہ گرمی میں اضافہ ہوتا جائے گا

دہلی میں گرمی / Getty Images
دہلی میں گرمی / Getty Images
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: دہلی میں آہستہ آہستہ گرمی نے دستک دینا شروع کر دی ہے۔ مارچ کا مہینہ سردی سے شروع ہوا لیکن اب دوسرے ہفتے میں درجہ حرارت میں اضافے کے باعث گرمی کا احساس ہونے لگا ہے۔ پیر کو دہلی کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت بڑھ کر 31.4 ڈگری سیلسیس تک پہنچ گیا، جو اس سال مارچ میں اب تک کا سب سے زیادہ درجہ حرارت ہے۔ یہ معلومات ہندوستان کے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے دی ہے۔ آئی ایم ڈی کے اعداد و شمار کے مطابق، پیر کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت موسم کے معمول سے 3 ڈگری زیادہ تھا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق منگل 12 مارچ کو بھی درجہ حرارت اسی کے آس پاس رہنے والا ہے۔ اس کے ساتھ ہی آج موسم صاف رہنے کا امکان ہے اور کم سے کم درجہ حرارت 13 ڈگری سیلسیس اور زیادہ سے زیادہ 32 ڈگری سیلسیس رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 13 مارچ کو ویسٹرن ڈسٹربنس ایکٹو ہوگا جس کے باعث موسم ایک بار پھر کروٹ لے گا۔ ہلکی بارش اور بادل چھائے رہنے کا امکان ہے۔ اس کے ساتھ درجہ حرارت میں بھی کمی کا امکان ہے۔


گزشتہ اتوار کو قومی دارالحکومت میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 28.4 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا تھا۔ سال 2023 میں مارچ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33.9 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا تھا جب کہ 2022 میں یہ 39.6 ڈگری سیلسیس تھا۔ محکمہ کے بلیٹن کے مطابق صبح 8.30 بجے متعلقہ نمی 91 فیصد تھی جو شام 5.30 بجے گھٹ کر 27 فیصد رہ گئی۔ محکمہ موسمیات نے منگل کو آسمان صاف رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔