’10 دن میں عصمت دری متاثرین کو انصاف دلائیں گے، ہم نیا قانون لائیں گے‘، احتجاجی مظاہروں کے دوران ممتا بنرجی کا اعلان

ممتا بنرجی نے کہا کہ ’’ہم آر جی کر عصمت دری و قتل معاملے میں انصاف چاہتے ہیں لیکن بی جے پی نے آج بند کا اعلان کر دیا، وہ انصاف نہیں چاہتے بلکہ بنگال کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>ممتا بنرجی فائل فوٹو، تصویر یو این آئی</p></div>

ممتا بنرجی فائل فوٹو، تصویر یو این آئی

user

قومی آوازبیورو

کولکاتا کے آر جی کر میڈیکل کالج و اسپتال میں زیر تربیت خاتون ڈاکٹر کی عصمت دری و قتل معاملہ پر احتجاجی مظاہرے ہنوز جاری ہیں۔ بی جے پی نے آج ’بنگال بند‘ بھی کیا ہے، لیکن اس تعلق سے وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے سخت ناراضگی ظاہر کی ہے۔ انھوں نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’بی جے پی انصاف نہیں چاہتی، وہ صرف بنگال کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔‘‘ ساتھ ہی وزیر اعلیٰ نے اعلان کیا کہ ’’ہم ایسا قانون لائیں گے جس میں 10 دنوں کے اندر عصمت دری متاثرین کو انصاف ملے گا۔‘‘

عصمت دری متاثرین کو انصاف دلانے پر زور دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے بدھ کے روز کہا کہ آئندہ ہفتے ہم اسمبلی اجلاس بلائیں گے۔ ہم مغربی بنگال میں عصمت دری متاثرین کو انصاف دلانے کے مقصد سے نیا قانون لائیں گے، جہاں محض 10 دنوں میں کیس ختم ہو جائے گا۔ اس تجویز کو منظوری کے لیے گورنر کے پاس بھیجیں گے۔ اگر گورنر اسے منظور نہیں کرتے ہیں تو راج بھون کے سامنے دھرنا بھی دیں گے۔


بی جے پی کے ذریعہ آج طلب کیے گئے 12 گھنٹے کے ’بنگال بند‘ کو ہدف تنقید بناتے ہوئے ممتا بنرجی نے کہا کہ ’’ہم نے آج کا دن آر جی کر ڈاکٹر کو وقف کیا ہے۔ ہم اس معاملے مین انصاف چاہتے ہیں، لیکن بی جے پی نے آج بند کا اعلان کر دیا ہے۔ وہ لوگ انصاف نہیں چاہتے، بلکہ صرف بنگال کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’بی جے پی نے قصداً لاشوں کی سیاست کرنے کے لیے بند کا اعلان کیا ہے۔ وہ ڈاکٹروں کے مظاہرہ کو بھٹکانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ میں ان کی مذمت کرتی ہوں۔ بی جے پی کے لوگوں نے بس کو آگ لگا دی ہے، پولیس پر بے رحمی سے حملہ کیا ہے۔ ریل خدمات بھی متاثر کی گئی ہیں۔‘‘

وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے بی جے پی حکمراں ریاستوں میں ہو رہے مظالم کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی لیڈران کو اپنے وزرائے اعلیٰ سے استعفیٰ مانگنا چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ ’’بی جے پی نے کبھی بھی اتر پردیش، مدھیہ پردیش اور یہاں تک کہ منی پور کے وزرائے اعلیٰ کا استعفیٰ نہیں مانگا۔ بی جے پی بہت ظالم ہے، بی جے پی ظلم سے بھری ہوئی ہے۔ بی جے پی کو وزیر اعظم (مودی) کے خلاف بند رکھنا چاہیے۔ یوپی، آسام، راجستھان، گجرات، مہاراشٹر کے واقعہ کے لیے پی ایم نے ایک بار بھی ذمہ داری نہیں لی۔‘‘ 27 اگست کو ’نابنّا مظاہرہ‘ کا تذکرہ کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’’ہم نے کل (نابنّا احتجاجی ریلی) کی تصویریں دیکھیں، میں حالات کو اچھی طرح سے سنبھالنے کے لیے پولیس کو سلام کرتی ہوں۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔