تبلیغی مرکز کا تالا کھلوانے کے لیے وقف بورڈ نے کھٹکھٹایا عدالت کا دروازہ، مرکزی حکومت کو نوٹس جاری!

نظام الدین واقع عالمی تبلیغی مرکز کھلوانے کے لیے دہلی وقف بورڈ نے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹایا ہے اور آج ہوئی سماعت میں دہلی ہائی کورٹ نے مرکزی حکومت کو نوٹس جاری کر اس سلسلے میں جواب مانگا ہے۔

تبلیغی جماعت مرکز
تبلیغی جماعت مرکز
user

یو این آئی

نئی دہلی: حضرت نظام الدین واقع عالمی تبلیغی مرکز کا تالا کھلوانے کے لئے دہلی وقف بورڈ کی عرضی پر عدالت عالیہ (دہلی ہائی کورٹ) نے مرکزی حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت کی اگلی تاریخ 5مارچ مقرر کی ہے۔ یہ اطلاع دہلی وقف بورڈنے جاری ریلیز میں دی ہے۔ جاری ریلیز کے مطابق دہلی وقف بورڈ کے چیئرمین امانت اللہ خان نے دہلی وقف بورڈ کے ذریعہ 19فروری کو دہلی ہائی کورٹ کا رخ کیا تھاجہاں لسٹنگ کے بعد آج معاملہ کی سماعت ہوئی اور معاملہ کی سنجیدگی پیش نظرعدالت نے مرکزی حکومت کو اس کا موقف جاننے کے لیئے نوٹس جاری کردیا۔جبکہ سماعت کی اگلی تاریخ 5مارچ مقرر کی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ سا ل ہندوستان بھر میں کورونا مرض پھیلنے کے بعد عالمی تبلیغی مرکز میں مذہبی سرگرمیاں بند کرتے ہوئے مرکز پر تالا لگادیا گیا تھا جس کے بعد سے ہی مرکز کے تحت تمام تبلیغی سرگرمیاں بند ہیں اور پولیس انتظامیہ کی جانب سے قفل بندی ہے جس کی وجہ سے تمام انصاف پسندوں خاص طور پر مسلمانوں میں بے چینی ہے۔تبلیغی مرکز کی حمایت میں شروع سے ہی بیباکی کے ساتھ اپنی آواز بلند کرنے والے دہلی وقف بورڈ کے چیئرمین امانت اللہ خان نے اب اس مسئلہ میں دہلی ہائی کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا ہے اور معاملہ کی سنجیدگی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ دہلی وقف بورڈ نے پیروی کے لیئے اپنے اسٹنڈنگ کونسل وجیہ شفیق کے ساتھ دہلی بار کونسل کے چیئرمین سینئر وکیل رمیش گپتا کو مقرر کیا ہے جبکہ دہلی حکومت کی جانب سے بھی سینئر وکیل راہل مہرا نے تبلیغی مرکز کھولے جانے کے حق میں دہلی حکومت کا موقف رکھا۔


یہ انتہائی حسا س معاملہ آج جسٹس مکتا گپتا کی عدالت میں پیش ہوا جہاں دہلی وقف بورڈ کی جانب سے سینئر وکیل رمیش گپتا،اسٹینڈنگ کونسل وجیہ شفیق دہلی حکومت کی جانب سے سینئر اسٹینڈنگ کونسل راہل مہراحاضر ہوئے جبکہ مرکزی حکومت کی جانب سے سالیسٹر جنرل تشارمہتا اور ایڈیشنل سالیسٹر جنرل موجود رہے۔ تفصیل کے مطابق جیسے ہی معاملہ کی سماعت شروع ہوئی فورا ہی سالیسٹر جنرل آف انڈیا تشار مہتا نے کہا کہ چونکہ معاملہ انتہائی حساس ہے اس لیئے مرکزی حکومت کو پارٹی بنایا جانا ضروری ہے۔دوسری جانب دہلی وقف بورڈ کے وکیل نے اپنا موقف رکھتے ہوئے مطالبہ کیا کہ مرکز کو بند کرتے وقت قانونی ضوابط کی ان دیکھی کی گئی ہے اس لیئے تحقیقاتی افسر(آئی او)کی رپورٹ پر نظر ثانی کا حکم دیا جائے ساتھ ہی وقف بورڈ نے کہاکہ مرکز کی تالابندی پر کافی وقت گزر چکاہے اور کسی مذہبی مقام کو اتنے لمبے وقت کے لیئے بلاجواز بند رکھنا انصاف کے خلاف ہے خاص طور پر اس وقت جب تبلیغی مرکز سے متعلق بہت سے مقدمات ختم ہوچکے ہیں۔

دہلی حکومت کا موقف رکھتے ہوئے سینئر اسٹینڈنگ کونسل دہلی حکومت راہل مہرا نے کہاکہ عالمی تبلیغی مرکز سے متعلق ابھی کچھ مقدمات زیر سماعت ہیں جن میں کافی وقت لگ سکتا ہے اس لیئے اتنے لمبے عرصہ کے لیے کسی مذہبی مقام کوبند رکھنا نامناسب ہوگا۔ غور طلب ہے کہ معاملہ میں ابھی تک مرکزی حکومت پارٹی نہیں تھی جبکہ اس کی جانب سے حکومت ہند کے سالیسٹر جنرل تشار مہتا اور ایڈیشنل سالیسٹر جنرل پہلے ہی دن عدالت میں موجود تھے جس سے معاملہ کی حساسیت کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔


غور طلب ہے کہ جیسے ہی گزشتہ سال کورونا وبائی مرض پھیلنے کی شروعات ہوئی ویسے ہی فرقہ پرست عناصر نے عالمی تبلیغی مرکز نظام الدین کو نشانہ بناکر ایک طبقہ کو نشانہ بنانا شروع کردیا جس کی آڑ میں فرقہ پرست میڈیا نے مسلم طبقہ کو ہدف تنقید بناکر ان کے خلاف نفرت پر مبنی پروپیگنڈہ کی مہم شروع کردی جس کا نتیجہ یہ ہوا کہ دو طبقوں کے بیچ مذہبی منافرت کی دیوار کھڑی ہوگئی اور ایک مخصوص طبقہ کو کورونا مرض کا ذمہ دار بتاکر اس پر حملے شروع ہوگئے۔یہ صورتحال ہندوستانی مسلمانوں کے لیئے انتہائی تکلیف دہ تھی جس کے خلاف دہلی وقف بورڈ کے چیئرمین امانت اللہ خان نے بے باکی کے ساتھ اپنی آواز بلند کی اور تبلیغی جماعت کے مرکزی امیر مولانا سعد اور تبلیغی مرکز کی حمایت میں کھڑے نظر آئے جس کے بعد فرقہ پرست عناصر نے امانت اللہ خان کے خلاف بھی محاذ کھول دیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔