ووٹر ادھیکار یاترا: راہل اور تیجسوی گاندھی میدان پہنچے، عظیم اتحاد کے کئی رہنما بھی شامل، لوگوں میں زبردست جوش
پٹنہ ہوائی اڈے پر پہنچنے پر راہل گاندھی کا شاندار استقبال کیا گیا۔ وہ گاندھی میدان میں مہاتما گاندھی کی مورتی پر گلپوشی کے بعد راہل عظیم اتحاد کے رہنماؤں کے ساتھ امبیڈکر چوک کے لیے روانہ ہوں گے۔

بہار کی راجدھانی پٹنہ میں راہل گاندھی اور تیجسوی یادو ووٹر ادھیکار یاترا کا آج اختتام کریں گے۔ اس سلسلے میں لوک سبھا میں اپوزیشن رہنما راہل گاندھی پٹنہ کے تاریخی گاندھی میدان پہنچ چکے ہیں۔ یہاں پر وہ بابائے قوم مہاتما گاندھی کے مجسمے پر پھولوں کی مالا چڑھانے کے بعد عظیم اتحاد کے رہنماؤں کے ساتھ امبیڈکر چوک کے لیے روانہ ہوں گے۔ اس یاترا میں کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے بھی شامل ہو رہے ہیں۔
پٹنہ ہوائی اڈے پر پہنچنے پر کانگریس رہنماؤں اور کارکنوں نے راہل گاندھی کا شاندار استقبال کیا۔ یہاں سے وہ سیدھے گاندھی میدان پہنچے۔ اس دوران تقریباً 15 منٹ تک راہل جام میں پھنسے رہے۔ دوسری طرف تیجسوی یادو بھی آر جے ڈی کارکنان کے ساتھ گاندھی میدان پہنچ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم لوگ کسی بھی قیمت پر ووٹ چوری نہیں ہونے دیں گے۔
ووٹر ادھیکار یاترا میں شامل ہونے کے لیے عظیم اتحاد کے کارکنان کا گاندھی میدان کی طرف جانا جاری ہے۔ آر جے ڈی اور بائیں بازو کی پارٹیوں کے کارکنان پارٹی کا جھںڈا لے کر گاندھی میدان کی طرف جا رہے ہیں اور مودی حکومت کے خلاف نعرے بازی کر رہے ہیں۔ اس دوران انکم ٹیکس چوراہا پر جام کی حالت بن گئی ہے۔ گاندھی میدان اور آس پاس کے علاقوں میں لوگ کافی تعداد میں نظر آ رہے ہیں جو راہل گاندھی اور عظیم اتحاد کے رہنماؤں کو دیکھنے کے لیے پُرجوش ہیں۔
آخری دن ووٹر ادھیکار یاترا میں شرکت کے لیے بڑی تعداد میں عظیم اتحاد کے رہنما پٹنہ پہنچ چکے ہیں۔ انتخاب سے قبل پٹنہ میں عظیم اتحاد کے اس انعقاد کو طاقت کے مظاہرے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ عوام میں بھی اس یاترا کو لے کر کافی جوش ہے۔
ہوائی اڈے پر کانگریس کے ریاستی صدر نے اپنے رہنماؤں کا استقبال کیا۔ اس دوران ووٹر ادھیکار یاترا میں شامل ہونے کے لیے جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین بھی پٹنہ پہنچ گئے ہیں۔ پٹنہ ہوائی اڈے پر پہنچتے ہی ہیمنت سورین کا شاندار استقبال کیا گیا۔ جے ایم ایم کارکنان نے وزیر اعلیٰ کو مالا پہنا کر اور بُکے دے کر خیرمقدم کیا۔ اس دوران ہوائی اڈے پر بڑی تعداد میں جھامومو کارکنان پارٹی کا جھنڈا لیے ہوئے نظر آئے۔
کانگریس رہنما راہل گاندھی اور بہار کے سابق نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو کی قیادت میں انڈیا بلاک کے رہنماؤں کے ذریعہ ’ووٹر ادھیکار یاترا‘ کا اختتام کرتے ہوئے ایک بڑی یاترا نکالی جائے گی۔ اس یاترا میں شامل ہونے کے لیے ہندوستان کے سابق کرکٹر یوسف پٹھان بھی پٹنہ کے گاندھی میدان پہنچ چکے ہیں۔ ان کی موجودگی سبھی کی توجہ کھینچ رہی ہے جس سے یہ پروگرام مزید خاص ہو گیا ہے۔
واضح رہے کہ ووٹر ادھیکار یاترا جو 17 اگست کو شروع ہوئی تھی، تقریباً 1300 کلومیٹر کا سفر طے کرنے کے بعد پٹنہ پہنچی ہے۔ راہل گاندھی اور عظیم اتحاد کی اس یاترا کا خاص مقصد مبینہ ’ووٹ چوری‘ اور انتخابی عمل میں بے ضابطگی کے خلاف لوگوں کو بیدار کرنا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔