’’حکومت اور بی جے پی کی منصوبہ بند سازش کا نتیجہ تھی ٹریکٹر ریلی میں تشدد‘‘

سماجوادی پارٹی رکن اسمبلی ابو عاصم اعظمی نے مرکزی حکومت پر سنگین الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح سے ملک کے حالات ہیں، اس میں حکومت کچھ بھی کر سکتی ہے۔

ابوعاصم اعظمی، تصویر یو این آئی
ابوعاصم اعظمی، تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

ممبئی: ممبئی مہاراشٹر سماجوادی پارٹی لیڈر اور رکن اسمبلی ابوعاصم اعظمی نے دلی میں ٹریکٹر ریلی کے دوران تشدد کو سرکار کی منصوبہ بند سازش کا نتیجہ قرار دیا اور کہا کہ گزشتہ دو ماہ سے کسان پرامن احتجاج کر رہے ہیں اس احتجاج میں بی جے پی اور سرکار کی کچھ کالی بھیڑیں داخل ہوگئیں جو احتجاج اور اس تحریک کو بدنام کر نے کی کوشش کر رہی ہیں اس پورے تصادم کو ابوعاصم اعظمی نے ایک سازش قرار دیا اور کہا کہ کسانوں کی تحریک میں جو تشدد برپا ہوا اس سے آندولن کو بدنام کرنے کا سرکار کے ہاتھ موقع آگیا۔

یہ پوچھنے پر کہ اب یہ معاملہ سپریم کورٹ جا پہنچا ہے تو ابوعاصم اعظمی نے کہا کہ سپریم کورٹ سے کیا امید کی جاسکتی ہے کیونکہ اس سے قبل بابری مسجد کے کیس میں سپریم کورٹ نے جو فیصلہ صادر کیا ہے وہ روز روشن کی طرح عیاں ہے بابری مسجد کو شہید کیا گیا لیکن فیصلہ کے وقت یہ مسجد کی جگہ مندر کو دے دی گئی۔


ابو عاصم اعظمی نے حکومت پر سنگین الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح سے ملک کے حالات ہیں اس میں سرکار کچھ بھی کر سکتی ہے کسانوں نے دو ماہ تک پرامن احتجاج کیا یہ تحریک ملک ہی نہیں بلکہ بیرون ملک تک بھی معروف ہوگئی یہ کسان اپنے حق کے لئے سڑک پر ہیں، انہوں نے کہا کہ یہ قانون صرف کسانوں کے خلاف نہیں ہے بلکہ ہر اس شخص کے خلاف ہے جو ہندوستانی دستور پر یقین رکھتا ہے کیونکہ اس سے مہنگائی میں اضافہ ہوگا اور لوگوں کی زندگی اجیرن ہو جائے گی۔

ابو عاصم نے مزید کہا کہ کسانوں کے احتجاج کو مذموم سازش کے تحت بدنام کیا گیا ہے، میں یہ تسلیم کرنے کو تیار نہیں ہوں کہ کسان نے تشدد کیا، کچھ خبریں یہ بھی موصول ہو رہی ہیں کہ اس میں بی جے پی اور سرکار کے ایجنٹ بھی داخل ہوگئے تھے اب تو اس کی انکوائری کا بھی ہم مطالبہ نہیں کرسکتے کیونکہ انکوائری وہی ہوگی جو سرکار چاہے گی لیکن ہم کسانوں کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے اس ملک کے عوام کو جینا سکھا دیا ہے، کسان کا ایک بیٹا سرحد پر ہے تو باپ کھیتی کر کے ملک کو اناج فراہم کرتا ہے کسانوں کے بیٹے ہی سرحدوں پر شہید ہونے جاتے ہیں اگر کسان اناج دینا بند کرے تو ہم بھکمری کا شکار ہوجائیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔