کانپور تصادم: وکاس دوبے کو داروغہ نے دی تھی ریڈ کی اطلاع، کال ڈیٹیل سے سنسنی خیز انکشاف

اس واقعہ کے سلسلہ میں ایک سنسنی خیز انکشاف ہوا ہے، کہا جا رہا ہے کہ چوبے پور تھانہ کے ایک داروغہ نے وکاس دوبے کو پولیس ریڈ کی مخبری کی تھی

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

کانپور: یوپی کے شہر کانپور میں پولیس ٹیم پر حملہ اور 8 پولیس اہلکاروں کی شہادت نے ملک کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ یہ واقعہ کانپور سے ملحقہ گاؤں بیکرو میں جمعہ کی صبح پیش آیا، جس کے بعد پولیس نے وکاس دوبے کو گرفتار کرنے میں پوری طاقت لگا دی ہے۔ اس دوران خصوصی تفتیشی ٹیم (ایس آئی ٹی) اس حوالہ سے گہرائی سے جانچ کر رہی ہے کہ آخر وکاس دوبے کے گھر پر چھاپہ مارنے گئی پولیس ٹیم پر مجرموں نے اتنے منظم طریقہ سے حملہ کو کس طرح انجام دیا اور انہیں پولیس کی لوکیشن کی اتنی صحیح معلومات کیسے تھی؟

دریں اثنا، اس واقعہ کے سلسلہ میں ایک سنسنی خیز انکشاف ہوا ہے، کہا جا رہا ہے کہ چوبے پور تھانہ کے ایک داروغہ نے وکاس دوبے کو پولیس ریڈ کی مخبری کی تھی اور اسی کے بعد بدمعاشوں نے پولیس کے آنے سے پہلے ہی گھات لگاکر حملہ کرنے کی سازش تیار کر لی۔


دراصل ایس آئی ٹی نے وکاس دوبے کی کال ڈیٹیل حاصل کی ہے، جس سے کئی پولیس والوں کے نمبر بھی پتہ چلے ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ان پولیس والوں میں ایک نام چوبے پور تھانہ کے داروغہ کا بھی ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ وکاس کو چھاپہ کے حوالہ سے اسی داروغہ نے پہلے ہی مطلع کر دیا تھا۔ ایس آئی ٹی کو وکاس دوبے کے رابطہ میں رہنے والے ایک داروغہ، ایک سپاہی اور ایک ہوم گارڈ پر شک ہے۔ تینوں سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ خیال رہے کہ اس معاملہ میں تاحال 12 لوگوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔ ان سبھی لوگوں کو وکاس دوبے کی کال ڈیٹیل کی بنیاد پر حراست میں لیا گیا ہے، ان سبھی کی واقعہ سے پہلے 24 گھنٹے کے دوران وکاس سے فون پر بات ہوئی تھی۔

ادھر ایس آئی ٹی وکاس دوبے کو سرگرمی سے تلاش کر رہی ہے لیکن اسے تاحال کامیابی نہیں ملی ہے، یعنی 24 گھنٹے بعد بھی یوپی پولیس کے ہاتھ خالی ہیں۔ پولیس کی مختلف ٹیمیں اسے الگ الگ اضلاع میں تلاش کر رہی ہیں اور ایک ٹیم لکھنؤ میں واقع اس کے گھر پر تعینات ہے۔ پولیس نے اس کے سر پر 50 ہزار کے انعام کا بھی اعلان کر دیا ہے۔ اب تک وکاس سمیت 35 افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔


واضح رہے کہ وکاس دوبے کے خلاف کانپور تھانہ میں 60 ایف آئی درج ہیں۔ جمعہ کو ایک معاملہ کی جانچ کے لئے کانپور پولیس بیکرو گاؤں گئی تھی۔ اس وقت وکاس دوبے کے گرگوں نے جے سی بی مشین لگا کر پولیس کا راستہ بند کر دیا۔ جیسے ہی پولیس اہلکاروں نے پیش قدمی کی وکاس کے گرگوں نے چہار جانب سے ان پر فائرنگ شروع کر دی۔ اس میں سرکل آفیسر (ڈی ایس پی) اور تین سب انسپکٹروں سمیت 8 پولیس اہلکار شہید ہو گئے، جبکہ تین پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔