راجیو گاندھی کی تعریف کرتے اٹل بہاری واجپئی کی ویڈیو وائرل

جئے رام رمیش نے ویڈیو ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’راجیو گاندھی صرف ایک اثردار وزیر اعظم نہیں تھے، وہ سیاست میں غیر معمولی قسم کے انسان تھے۔ ایک اچھے، مہذب اور حساس شخص۔‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

آج سابق وزیر اعظم آنجہانی راجیو گاندھی کا یومِ پیدائش ہے۔ ان کے 78ویں یوم پیدائش پر پورے ملک میں لوگوں نے انھیں یاد کیا اور کئی مقامات پر خراج عقیدت بھی پیش کیے گئے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر بھی لوگوں نے انھیں خوب یاد کیا، اور اس موقع پر ایک ویڈیو بہت وائرل ہورہی ہے جس میں راجیو گاندھی کی تعریف سابق وزیر اعظم آنجہانی اٹل بہاری واجپئی کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ یہ ویڈیو کانگریس کے سرکردہ لیڈر اور رکن پارلیمنٹ جئے رام رمیش نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل سے شیئر کی ہے۔

اس ٹوئٹ کے ساتھ جئے رام رمیش نے لکھا ہے ’’مئی 1991 میں ریکارڈ کی گئی اس ویڈیو میں واجپئی خود بتا رہے ہیں کہ کس طرح راجیو گاندھی کی دریا دلی نے ان کی جان بچائی۔ راجیو گاندھی صرف ایک اثردار وزیر اعظم نہیں تھے، وہ سیاست میں غیر معمولی قسم کے انسان تھے۔ ایک اچھے، مہذب اور حساس شخص۔‘‘


جو ویڈیو شیئر کی گئی ہے اس میں اٹل بہاری واجپئی کہہ رہے ہیں ’’مجھے کڈنی کا مرض تھا۔ ڈاکٹروں نے میری جانچ کی اور علاج کے لیے امریکہ جانے کا مشورہ دیا۔ علاج کے لیے پیسوں کا انتظام کر پانا میرے لیے ممکن نہیں تھا۔ لیکن کسی طرح راجیو گاندھی جی کو اس بارے میں پتہ چل گیا۔ انھوں نے مجھے بلایا اور اقوام متحدہ جانے والے نمائندہ وفد میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا۔ میں وفد کے رکن کی شکل میں وہاں گیا۔ علاج کا سارا خرچ حکومت نے اٹھایا، اور میں ان کی بدولت پوری طرح ٹھیک ہو پایا۔‘‘

اٹل بہاری کے ان الفاظ سے راجیو گاندھی کی اعلیٰ ظرفی اور اخلاص کا واضح پتہ چلتا ہے۔ اس ویڈیو کو جئے رام رمیش نے ہی نہیں، بلکہ کچھ دیگر ٹوئٹر ہینڈل سے بھی شیئر کیا گیا ہے۔ سبکدوش آئی اے ایس سوریہ پرتاپ سنگھ نے بھی اس ویڈیو کو شیئر کیا ہے اور ساتھ میں لکھا ہے ’’وہ بھی ایک وقت تھا... کیا آج یہ ممکن ہے؟ سیاست میں ذاتی رنجش کی کوئی جگہ نہیں۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */