یونیفارم سول کوڈ نافذ کرنے والی پہلی ریاست بنے گا اتراکھنڈ، دھامی حکومت 6 فروری کو پیش کرے گی بل

اتراکھنڈ کی دھامی حکومت نے ریاست میں یونیفارم سول کوڈ نافذ کرنے کی سمت میں بڑا قدم اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے، آئندہ اسمبلی اجلاس کے دوران 6 فروری کو اس تعلق سے بل پیش کیا جائے گا۔

<div class="paragraphs"><p>یونیفارم سول کوڈ (یو سی سی)، علامتی تصویر آئی اے این ایس</p></div>

یونیفارم سول کوڈ (یو سی سی)، علامتی تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

اتراکھنڈ کی بی جے پی حکومت نے ریاست میں یونیفارم سول کوڈ (یو سی سی) یعنی یکساں سول کوڈ نافذ کرنے کا راستہ ہموار کر لیا ہے۔ وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی کی قیادت والی حکومت نے پوری طرح تیاری کر لی ہے کہ آئندہ اسمبلی اجلاس میں یو سی سی بل پیش کر دیا جائے۔ یو سی سی کا ڈرافٹ تیار کرنے کے لیے تشکیل ماہرین کی کمیٹی 2 فروری کو وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی کو اپنی رپورٹ سونپے گی، اور پھر اس کے بعد آگے کی کارروائی شروع ہو جائے گی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پہلے یو سی سی بل کے مسودہ کو کابینہ کی منظوری دی جائے گی اور پھر حکومت 6 فروری کو اسمبلی اجلاس میں یہ بل لائے گی۔ قابل ذکر ہے کہ اتراکھنڈ اسمبلی کا اجلاس 5 فروری سے شروع ہو رہا ہے جس کے ہنگامہ خیز ہونے کے آثار دکھائی دے رہے ہیں۔ اسمبلی سے بل پاس ہونے کے بعد اس کے نفاذ کا عمل شروع ہو جائے گا۔


واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ دھامی نے 2022 کے اسمبلی انتخاب کے دوران اتراکھنڈ میں یو سی سی نافذ کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ بڑی جیت حاصل کرنے کے بعد وزیر اعلیٰ نے ریاستی کابینہ کی پہلی میٹنگ میں یو سی سی کو اپنی منظوری دے دی تھی اور 27 مئی 2022 کو پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی تھی۔ یہ کمیٹی 2 فروری میں اپنی رپورٹ رپورٹ حوالے کرے گی۔

اس درمیان وزیر اعلیٰ دھامی نے کہا ہے کہ یکساں سول کوڈ نافذ کرنا ہمارا عزم ہے اور ہم نے اسمبلی انتخاب کے وقت ہی اس عزم کا اظہار کیا تھا۔ انھوں نے کہا کہ اس عزم کو پورا کرنے کے لیے دیو بھومی (اتراکھنڈ) کی عوام نے آشیرواد دیا۔ بی جے پی حکومت نے عوام سے جو وعدہ کیا تھا، اسے اب شرمندۂ تعبیر کرنے جا رہے ہیں۔


ایسی بھی خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ ماہرین کی کمیٹی نے مسودہ تیار کرنے سے پہلے 143 میٹنگیں کیں اور 2.31 لاکھ سے زیادہ لوگوں سے مشورہ لیا گیا۔ اگر اس مسودہ کو کابینہ سے منظوری ملنے کے بعد اسمبلی میں یو سی سی بل پیش کیا جاتا ہے اور ریاست میں اس کا نفاذ بھی ہو جاتا ہے تو اتراکھنڈ پہلی ریاست ہوگی جہاں یکساں سول کوڈ نافذ کیا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔