اتراکھنڈ حکومت میں وزیر چندن رام داس کا انتقال، وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی کا اظہارِ افسوس

باگیشور سے رکن اسمبلی اور اتراکھنڈ کے کابینہ وزیر چندن رام داس کے بارے میں بتایا جا رہا ہے کہ اسپتال میں داخل کیے جانے کے کچھ دیر بعد ہی وہ انتقال کر گئے۔

<div class="paragraphs"><p>چندن رام داس، تصویر آئی اے این ایس</p></div>

چندن رام داس، تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

اتراکھنڈ حکومت کے کابینہ وزیر چندن رام داس کا بدھ کے روز اچانک انتقال ہو گیا۔ اس خبر نے سیاسی حلقہ میں رنج و الم کا ماحول پیدا کر دیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بدھ کے روز اچانک طبیعت بگڑنے کے بعد انھیں اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ باگیشور ضلع اسپتال میں وہ آئی سی یو میں داخل کیے گئے تھے، لیکن طبیعت میں بہتری نہیں ہوئی اور بالآخر اس دنیا سے رخصت ہو گئے۔

باگیشور سے رکن اسمبلی اور اتراکھنڈ کے کابینہ وزیر چندن رام داس کے بارے میں بتایا جا رہا ہے کہ اسپتال میں داخل کیے جانے کے کچھ دیر بعد ہی وہ انتقال کر گئے۔ ان کے انتقال کی خبر ملنے کے بعد وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے اظہارِ افسوس کرتے ہوئے ایک ٹوئٹ کیا ہے۔ اس ٹوئٹ میں انھوں نے لکھا ہے ’’کابینہ میں میرے سینئر ساتھی چندن رام داس جی کے اچانک انتقال ہونے کی خبر سے حیران ہوں۔ ان کا انتقال عوامی خدمت اور سیاست کے شعبہ میں ناقابل تلافی نقصان ہے۔ ایشور ان کی روح کو اپنے قدموں میں جگہ دے اور اہل خانہ و احباب کو یہ تکلیف برداشت کرنے کی طاقت عطا کرے۔‘‘


واضح رہے کہ بی جے پی لیڈر چندن رام داس نے اپنا سیاسی سفر 43 سال پہلے شروع کیا تھا۔ حالاکہ 1997 میں پہلی بار نگر پالیکا باگیشور سے انتخاب جیتا تھا۔ وہ نگر پالیکا کے آزاد سربراہ بنے تھے۔ اس سے قبل 2006 میں بی جے پی جوائن کی تھی اور تب بھگت سنگھ کوشیاری ریاست کے وزیر اعلیٰ تھے۔ بعد ازاں 2007 میں انھوں نے پہلا اسمبلی انتخاب جیتا۔ اس کے بعد سے وہ لگاتار چار بار رکن اسمبلی رہے۔ چندن رام داس 2007، 2012، 2017 اور 2022 میں جیت درج کر رکن اسمبلی بنے تھے۔ گزشتہ اسمبلی انتخاب میں انھوں نے کانگریس امیدوار بال کرشن کو باگیشور اسمبلی سیٹ پر شکست دی تھی۔ تب انھوں نے 14567 ووٹوں کے فرق سے جیت درج کی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔