اتر پردیش: بلدیاتی انتخاب سے متعلق آج بھی نہیں آیا ہائی کورٹ کا فیصلہ، کل بھی سماعت جاری رکھنے کا اعلان

ہائی کورٹ نے 12 دسمبر کو بلدیاتی انتخاب کے لیے نوٹیفکیشن جاری کرنے پر عارضی روک لگائی تھی، یہ عرضی ویبھو پانڈے اور دیگر کے نام سے داخل ہوئی ہے۔

الہ آباد ہائی کورٹ، تصویر آئی اے این ایس
الہ آباد ہائی کورٹ، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

الٰہ آباد ہائی کورٹ کی لکھنؤ ڈویژنل بنچ نے شہری بلدیاتی انتخاب سے متعلق اسٹے کو بدھ تک کے لیے بڑھا دیا ہے۔ اب آئندہ سماعت 21 دسمبر یعنی بدھ کے روز ہوگی اور امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ بلدیاتی انتخاب کو لے کر کوئی فیصلہ سامنے آ سکے گا۔

اتر پردیش کے بلدیاتی انتخاب میں او بی سی ریزرویشن کے ایشو پر منگل کے روز الٰہ آباد ہائی کورٹ کی لکھنؤ بنچ میں سماعت ہوئی تھی۔ کورٹ نے اس معاملے میں کوئی فیصلہ نہیں دیا۔ اب اس پر کل یعنی بدھ کو بھی سماعت جاری رہے گی۔ پیر کے روز حکومت نے اپنے حلف نامہ میں بتایا تھا کہ مقامی بلدیاتی انتخاب معاملے میں 2017 میں ہوئے او بی سی کے سروے کو ریزرویشن کی بنیاد بنایا گیا۔


ہائی کورٹ نے 12 دسمبر کو بلدیاتی انتخاب کے لیے نوٹیفکیشن جاری کرنے پر عارضی روک لگائی تھی۔ یہ عرضی ویبھو پانڈے اور دیگر کے نام سے داخل ہوئی ہے۔ اس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ نے بلدیاتی انتخاب میں او بی سی ریزرویشن کے لیے ٹریپل ٹیسٹ کا فارمولہ اختیار کرنے کو کہا تھا لیکن یوپی حکومت نے بغیر ٹریپل ٹیسٹ کے ریپڈ ٹیسٹ کی بنیاد پر ریزرویشن طے کر دیا۔

اس عرضی میں کہا گیا ہے کہ یوپی حکومت کا فیصلہ سپریم کورٹ کے فیصلہ کے خلاف ہے۔ اس کے جواب میں ریاستی حکومت نے کہا ہے کہ اس نے ریزرویشن کے لیے ریپڈ ٹیسٹ کرا لیا تھا اور اسی کی بنیاد پر ریزرویشن طے کیے گئے ہیں۔ ریاستی حکومت نے دعویٰ کیا ہے کہ عرضی دہندگان کی اپیل بے معنی ہے۔ اگر انھیں ریزرویشن پر کوئی اعتراض تھا تو وہ درخواست دے کر اپنی بات رکھ سکتے تھے۔


بہرحال، اس معاملے میں اگر جلد فیصلہ نہیں آتا تو اس سال بلدیاتی انتخاب ہونے کا امکان بھی ختم ہو جائے گا۔ ایسا اس لیے کیونکہ 24 دسمبر سے 2 جنوری تک ہائی کورٹ میں موسم سرما کی تعطیل رہے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔