یوپی: لاء مارٹینیر کالج کی دو طالبات کورونا پازیٹو، خوف کا عالم، کیمپس بند

لکھنؤ کے ڈپٹی چیف میڈیکل افسر ملند وردھن نے کہا کہ ’’ہم آج اور منگل کو اسکول بند ہونے پر احاطہ کو سینیٹائز کریں گے، پرنسپل ہمیں ان لوگوں کی فہرست بھی دیں گے جو بچوں کے رابطے میں آئے ہوں گے۔‘‘

لاء مارٹینیر کالج، لکھنؤ
لاء مارٹینیر کالج، لکھنؤ
user

قومی آوازبیورو

اتر پردیش کے لکھنؤ واقع مشہور لاء مارٹینیر گرلس کالج میں دو طالبات کے کورونا پازیٹو ہونے کے بعد دو دن کے لیے کیمپس بند کر دیا گیا ہے۔ دونوں طالبات میں سے ایک درجہ 2 اور ایک درجہ 6 میں پڑھتیں ہیں اور دونوں بہنیں ہیں۔ طالبات کے والدین نے اتوار کو اسکول کی پرنسپل آشریتا داس کو اپنے بچوں کے کورونا پازیٹو ہونے کے بارے میں مطلع کیا تھا۔ داس نے کہا ’’ہم نے دو دنوں کے لیے اسکول بند کر دیا ہے۔ کوئی بھی آن لائن یا آف لائن کلاس دو دنوں تک نہیں ہوگی۔ ہم لکھنؤ اور میونسپل کارپوریشن سے احاطہ کو پوری طرح سے سینیٹائز کرنے کی گزارش کر رہے ہیں۔‘‘

آشریتا داس نے کہا کہ پیر کو ہونے والا بورڈ امتحان اسکول احاطہ کو پوری طرح سے سینیٹائز کرنے کے بعد منعقد کیا جائے گا۔ حالانکہ ریاست کا محکمہ صحت دو متاثرہ طالبات کے رابطوں کو ٹریس کر رہا ہے اور ان سبھی لوگوں کی ٹیسٹنگ ہو رہی ہے جو ان کے رابطے میں آئے تھے۔ لکھنؤ کے ڈپٹی چیف میڈیکل افسر ملند وردھن نے کہا کہ ’’ہم پیر اور منگل کو اسکول بند ہونے پر احاطہ کو سینیٹائز کریں گے۔ پرنسپل ہمیں ان لوگوں کی فہرست بھی دیں گے جو بچوں کے رابطے میں آئے ہوں گے۔‘‘ انھوں نے کہا کہ ’’طالبات کے والدین بھی کورونا پازیٹو ہیں، لیکن چار لوگوں میں سے کسی نے کوئی بھی سفر نہیں کیا ہے۔ طالبات میں سردی کی ہلکی علامتیں ہونے کے بعد کنبہ نے ٹیسٹ کرایا تو چاروں کورونا پازیٹو پائے گئے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔