کرناٹک: مشنری اسکول کے ایک قدم نے ہندوتوا بریگیڈ کے تن بدن میں لگائی آگ

ہندو جن جاگرتی سمیتی کو اس بات پر اعتراض نہیں کہ سرکاری اسکولوں میں مہابھارت اور گیتا پڑھائی جائے، لیکن انہیں اس پر اعتراض ضرور ہے کہ کوئی اسکول اپنے طلبا سے بائبل لے کر آنے کے لیے کہے۔

اسکول کی فائل تصویر / آئی اے این ایس
اسکول کی فائل تصویر / آئی اے این ایس
user

جمال عباس فہمی

کرناٹک کے بنگلورو میں عیسائیوں کے ایک اسکول نے ایسا قدم اٹھایا ہے جس نے ہندوتوا بریگیڈ کے تن بدن میں آگ لگا دی ہے۔ مشنری اسکول کے قدم نے نہ صرف ہندوتوا تنظیموں کو پریشان کر دیا ہے، بلکہ انھیں اس کے خلاف آواز اٹھانے پر مجبور بھی کر دیا ہے۔ دراصل بنگلورو کے کلیرینس ہائی اسکول نے اپنے طلبا کو بائبل لانا لازمی قرار دے دیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اسکول نے طلبا کے والدین سے یہ عہد بھی لیا ہے کہ انہیں اس بات پر کوئی اعتراض نہیں ہوگا کہ ان کا بچہ بائبل لے کر اسکول جائے۔

اسکول کے اس قدم سے ہندو جن جاگرتی سمیتی کے تن بدن میں آگ لگ گئی ہے۔ سمیتی کے ریاستی صدر موہن گوڑا نے الزام لگایا ہے کہ اسکول غیر عیسائی بچوں کو بائبل پڑھنے کو مجبور کر رہا ہے۔ موہن گوڑا نے اسکول کی ہدایت کو ملک کے آئین کی دفعات 25 اور 30 کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔


ہندو جن جاگرتی سمیتی کے ریاستی صدر نے سپریم کورٹ کی گائیڈلائنس کا حوالہ دے کر اسکول کے اقدام کو غیر آئینی بتایا کیونکہ تعلیمی ادارے کسی طالب علم پر مذہبی تعلیمات تھوپ نہیں سکتے۔ عیسائی اسکول کی یہ ہدایت ایسے وقت سامنے آئی ہے جب کرناٹک کی بی جے پی حکومت اگلے تعلیمی سال سے اپنے اسکولوں کے نصاب میں بھگوت گیتا اور مہابھارت کو شامل کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔

گزشتہ ہفتے ہی ریاستی وزیر تعلیم بی سی ناگیش نے صاف صاف کہا تھا کہ اگلے تعلیمی سال سے اسکولی نصا ب میں اخلاقی تعلیم کو شامل کیا جا رہا ہے اور اخلاقی تعلیم میں بھگوت گیتا، مہابھارت اور پنچ تنترا کی کہانیوں کو شامل کیا جائے گا۔ ہندو جن جاگرتی سمیتی کو اس بات پر تو اعتراض نہیں ہے کہ سرکاری اسکولوں میں مہابھارت اور گیتا پڑھائی جائے، لیکن انہیں اس پر اعتراض ضرور ہے کہ کوئی اسکول اپنے طلبا سے بائبل لے کر آنے کے لیے کہے۔ بائبل اسکول لے کر آنے کی ہدایت موہن گوڑا کی نظر میں آئین کی دفعات 25 اور 30 کی خلاف ورزی بھی ہے اور سپریم کورٹ کی گائیڈلائنس کی مخالفت بھی۔


سچ تو یہ ہے کہ جس طرح کلیرینس ہائی اسکول کا طلبا کو بائبل لے کر آنا لازمی قرار دینا آئین کی خلاف ورزی ہے اسی طرح سرکاری اسکولوں میں نصاب میں بھگوت گیتا اور مہابھارت کی شمولیت کا فیصلہ بھی آئین کی خلاف ورزی ہے۔ سپریم کورٹ کی یہ گائیڈلائنس کہ کوئی تعلیمی ادارہ کسی طالب علم پر مذہبی تعلیم تھوپ نہیں سکتا، ان کا اطلاق تو تمام تعلیمی اداروں پر ہوگا خواہ وہ پرائیویٹ ہوں یا سرکاری۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */