یوگی کی پولس کا نیا کارنامہ، ایس ایچ او استعمال کر رہا چوری کی کار!

اتر پردیش میں ایس ایچ او کے ذریعہ چوری کی کار استعمال کیے جانے کا حیرت انگیز معاملہ سامنے آیا ہے۔ کانپور رینج کے انسپکٹر جنرل موہت اگروال نے پورے واقعہ کی جانچ کا حکم دے دیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

اکثر اپنے الٹے سیدھے کارناموں کے لیے خبروں میں رہنے والی اتر پردیش پولس ایک بار پھر اپنی حرکتوں کی وجہ سے موضوعِ بحث بنی ہوئی ہے۔ اس بار معاملہ کانپور کا ہے جہاں کے بٹھور پولس اسٹیشن کے ایس ایچ او کو دو سال یعنی 2018 میں چوری کی گئی ایک کار کا استعمال کرتے ہوئے پایا گیا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس ایس ایچ او کا نام کوشلیندر پرتاپ سنگھ ہے جو گزشتہ سال تین جولائی کو بکرو انکاؤنٹر واقعہ کے دوران زخمی ہوئے پولس اہلکاروں میں سے ایک تھے۔

بہر حال، یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب کار کے مالک اومیندر سونی کو ایک سروس سنٹر سے فون آیا۔ سنٹر نے ان کی ویگن آر کار کی سروسنگ پر ان کا رد عمل جاننے کے لیے فون کیا تھا۔ اس کے بعد جب سونی سروس سنٹر پہنچے تو انھیں بتایا گیا کہ کار کو ایس ایچ او کو لوٹا دیا گیا ہے۔ انھیں بتایا گیا کہ فیڈ بیک کال ان کے پچھلے کار سروس ریکارڈ کی بنیاد پر کیا گیا تھا۔


کار مالک اومیندر سونی نے صحافیوں کو بتایا کہ ان کی کار برّا علاقے سے دسمبر 2018 میں چوری ہو گئی تھی اور انھوں نے وہاں کے پولس تھانہ میں اس کی شکایت بھی درج کرائی تھی۔ انھوں نے کہا کہ کار برآمد ہونے پر برّا پولس کو مطلع کرنا چاہیے تھا۔ اس درمیان ملزم ایس ایچ او نے کہا کہ انھیں کار کسی جگہ بری حالت میں دستیاب ہوئی تھی اور اسے ضبط کر لیا گیا تھا۔ انھوں نے مزید سوالوں کا جواب دینے سے انکار کر دیا۔

اس واقعہ کے سامنے آنے کے بعد پولس کے اعلیٰ افسران بھی دم بخود ہیں۔ معاملے کی سنجیدگی کو دیکھتے ہوئے کانپور رینج کے انسپکٹر جنرل موہت اگروال نے پورے واقعہ کی جانچ کا حکم دے دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ قصوروار پائے جانے پر اسٹیشن افسر کو محکماتی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */