پاکستان: نئے سال کے موقع پر لوگوں کو خوفزدہ کرنے والا ’خونخار بھیڑیا‘ گرفتار

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے جمعرات کی رات بھیڑے کا ماسک پہن کر خواتین اور بچوں کو ڈرایا، ملزم کو تھانہ شاہ قبول میں زیر حراست رکھا گیا ہے

تصویر بشکریہ سوشل میڈیا
تصویر بشکریہ سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

پشاور: نئے سال کے موقع پر دنیا کے مختلف ممالک میں لوگ اپنے اپنے انداز میں جشن مناتے ہیں اور لطف اندوز ہوتے ہیں لیکن پاکستان میں ایک شخص نے لوگوں کو ڈراکر جشن منانے کا ایسا راستہ اختیار کیا جس نے اسے حوالات کی سیر کرا دی۔ یہ واقعہ پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے دار الحکومت پشاور میں پیش آیا، جہاں سڑکوں پر انوکھے انداز میں نیو ائیر منانے والے شہری کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔

گرفتار ہونے والا شخص پشاور کے ڈبگڑی گارڈن علاقے کی سڑکوں پر خونخار بھیڑیے کا ماسک پہنچ کر لوگوں کو خوفزدہ کر رہا تھا۔ پاکستانی ذرائع ابلاغ کی ایک رپورٹ میں کہا گیا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق زیر حراست نوجوان کا تعلق شہر کے موتی محلہ سے ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے جمعرات کی رات بھیڑے کا ماسک پہن کر خواتین اور بچوں کو ڈرایا۔ ملزم کو تھانہ شاہ قبول میں زیر حراست رکھا گیا ہے۔


رپورٹ کے مطابق منچلے نوجوان کے قبضے سے ماسک بھی برآمد کر لیا گیا ہے اور ملزم کے خلاف پاکستان پینل کوڈ کے سیکشن پی پی سی 107 (امن کے لئے خطرہ بننے) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ رپورٹ میں گرفتار ہونے والے شخص کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔

پاکستان میں نئے سال پر قانون کی خلاف ورزی کرنے پر پولیس نے لاہور، کراچی اور فیصل آباد سے بھی 126 ملزمان کو گرفتار کر کے حوالات میں بند کر دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق نیو ائیر نائٹ پر ون ویلنگ کرنے پر 36 مقدمات درج کئے گئے جبکہ 36 موٹر سائیکلوں کو ضبط کر لیا گیا۔ اسے علاوہ، ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے نقص امن کا باعث بننے پر 32 مقدمات درج کئے گئے جن میں 34 ملزمان کو گرفتار کرتے ہوئے اسلحہ برآمد کر لیا گیا ہے۔


سال نو کی پہلی رات کوئی بھی جانی یا مالی نقصان رپورٹ نہیں ہوا، تاہم شراب نوشی کرنے والے ملزمان سے 192 لیٹر شراب اور 200 کین برآمد ہوئے۔ نئے سال کی آمد پر کراچی میں بھی قانون شکنی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائیاں کی گئی ہیں۔ لاہور کے تھانہ شمالی چھاؤنی کی حدود میں شہری سے اسلحہ برآمد ہونے پر مقدمہ درج ہوا۔ کراچی کے سولجر بازارسے 2 نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا۔ پی آئی بی کالونی اور گلشن معمار سے نوجوان گرفتار ہوئے ہیں۔

سی ویو اور رضویہ کے علاقے میں ہوائی فائرنگ سے ایک نوجوان زخمی بھی ہو گیا ہے۔ کراچی میں ہوائی فائرنگ کے مختلف واقعات میں لڑکی سمیت کئی افراد زخمی ہو گئے۔ کراچی کے تھانہ ڈیفنس میں ون ویلنگ کیخلاف مقدمہ درج ہوا اور پولیس نے 8 منچلوں کو حوالات میں بند کر دیا۔ فیصل آباد کے علاقے کوہ نور میں بھی کئی نوجوان احکامات کی خلاف ورزی کرنے پر دھر لیے گئے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔