یوپی اسمبلی انتخاب: پرینکا گاندھی کی ورچوئل انتخابی تشہیر 8 جنوری سے

کورونا وائرس کے بڑھتے قہر کے سبب پرینکا گاندھی نے بڑا فیصلہ لیتے ہوئے یوپی میں اپنی سبھی ریلیوں اور پروگراموں کو 15 دنوں کے لیے ملتوی کر دیا تھا، اب انھوں نے لوگوں سے ورچوئلی رابطہ کا فیصلہ کیا ہے۔

پرینکا گاندھی، تصویر یو این آئی
پرینکا گاندھی، تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی 8 جنوری یعنی ہفتہ کے روز سے 2022 کے یوپی اسمبلی انتخاب کے لیے ورچوئل انتخابی تشہیر شروع کریں گی۔ پارٹی کے مطابق پرینکا گاندھی کی تشہیر دوپہر 2 بجے شروع ہوگی۔ پرینکا گاندھی کا یہ پروگرام پارٹی کے فیس بک، یوٹیوب پیج اور دیگر سوشل میڈیا ہینڈل پر نشر ہوگا۔ پارٹی نے کہا کہ لوگ پلیٹ فارم پر سوال بھی پوچھ سکتے ہیں اور پرینکا اس کا جواب دیں گی۔

واضح رہے کہ یوپی سمیت پورے ملک میں کووڈ انفیکشن کے بڑھتے قہر کے سبب کانگریس اور پرینکا گاندھی نے بڑا فیصلہ لیتے ہوئے اپنی سبھی بڑی ریلیوں اور پروگراموں کو 15 دنوں کے لیے ملتوی کر دیا تھا۔ کورونا کے حالات کو دیکھتے ہوئے پرینکا گاندھی نے لوگوں سے ڈیجیٹل شکل یں جڑنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کی شروعات کل دوپہر سے ہوگی۔


کانگریس کے بعد عآپ اور سماجوادی پارٹی نے بھی اپنی مہم ملتوی کر دی ہے اور لوگوں سے ڈیجیٹل شکل میں جڑنے کا ارادہ کیا ہے۔ عآپ کے یوپی انچارج اور راجیہ سبھا رکن سنجے سنگھ نے جمعرات کو کہا کہ اب سبھی ریلیاں ورچوئل شکل میں ہوں گی۔ 8 جنوری کو وارانسی میں ہونے والی ریلی میں سنجے سنگھ فیس بک، ٹوئٹر، انسٹاگرام اور یوٹیوب کے ذریعہ لوگوں کو خطاب کریں گے۔

سماجوادی پارٹی نے اتر پردیش میں 7، 8 اور 9 جنوری کو ہونے والی ’وجے رتھ یاترا‘ کو بھی رد کر دیا تھا۔ اُدھر بی جے پی بھی ریاست میں ڈیجیٹل موڈ کے ذریعہ لوگوں تک پہنچ رہی ہے۔ اس کے آئی ٹی سیل کے کنوینر کامیشور مشرا نے کہا کہ بھگوا پارٹی کورونا بحران میں ورچوئل اور ای-پروگراموں کا انعقاد کرتی رہی ہے۔ ہمارے پاس 4 ہزار تربیت یافتہ کارکن کی ایک ٹیم ہے جو اس ذریعہ کا استعمال ڈویژنل سطح پر بڑی آسانی سے کر سکتے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔