'خاندانی افراد ہی خاندان کا درد سمجھ سکتے ہیں' تیسرے مرحلے سے قبل بی جے پی پر اکھلیش یادو کا حملہ

اکھلیش نے کہا کہ جب لوگ لاک ڈاؤن میں گھوم رہے تھے تو اس پارٹی نے کسی خاندان کی مدد نہیں کی۔ جس پارٹی نے خاندان پرستی کا الزام لگایا ہے اسے بتائیں، خاندان کا کوئی فرد ہی خاندان کا درد سمجھ سکتا ہے۔

تصویر ٹوئٹر / @Samajwadiparty
تصویر ٹوئٹر / @Samajwadiparty
user

قومی آوازبیورو

لکھنؤ: سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے قومی صدر اکھلیش یادو نے بی جے پی پر نشانہ لگاتے ہوئے کہا کہ خاندان کے افراد ہی خاندان کے درد کو سمجھ سکتے ہیں۔ ایس پی سربراہ اکھلیش جمعہ کے روز انتخابی مہم کے آخری دن جالون کے مادھو گڑھ میں ایک جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے۔ اس دوران انہوں نے بی جے پی حکومت اور وزیر اعلی یوگی پر سخت حملہ بولا۔

اکھلیش یادو نے یوپی انتخابات کے دوران بی جے پی کے لیڈروں کی جانب سے خود پر کنبہ پروری کے الزامات عائد کئے جانے کے بعد جوابی حملہ بولتے ہوئے کہا کہ خاندان کے افراد ہی خاندان کے درد کو سمجھ سکتے ہیں۔ انہوں نے مہنگائی، ترقی اور نوٹ بندی پر بی جے پی کا محاصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ووٹنگ کے پہلے اور دوسرے مرحلے کے رجحانات کے بعد گرمی دور کرنے کی بات کرنے والے ٹھنڈے پڑ گئے ہیں۔


اکھلیش یادو نے کہا کہ ’بابا‘ کا پسندیدہ جانور بہت سے لوگوں کی جان لے رہا ہے۔ گائے کے نام پر کروڑوں روپے کہاں گئے؟ الیکشن سے پہلے بی جے پی کے لوگ گھر گھر مہم چلا رہے تھے اور تھوک کر پمفلیٹ بانٹ رہے تھے۔ جب بی جے پی کے لوگ ووٹ مانگنے غریبوں کے گھر پہنچے تو غریبوں نے انہیں سرخ رنگ کے خالی سلنڈر دکھائے۔

اکھلیش یادو نے کہا کہ پہلے مرحلے اور دوسرے مرحلے کی پولنگ کے بعد جو لوگ گرمی دور کرنے کی بات کر رہے تھے، وہ ٹھنڈے پڑ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 5 سالوں میں کیا ملا، بندیل کھنڈ کے لوگوں کو دھوکہ دیا گیا ہے۔ بابا وزیر اعلیٰ نے نہ جانے کیا کیا کہا، لیکن آپ بتائیں بندیل کھنڈ کے ساتھیوں کو کیا ملا؟ یہ حکومت ایم ایس پی بھی لاگو نہیں کر سکی، کسان کھاد لینے گئے تو اس میں 5 کلو چوری ہو گئی۔ نوٹ بندی میں غریبوں کا پیسہ بینک میں جمع تھا، وہ بھی چوری ہو گیا۔ صنعتکار پیسہ لے کر بھاگے، بتائیں کہ پیسہ لے کر بھاگنے والے صنعتکار کہاں کے ہیں؟


سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کورونا کے دور میں یہ جماعت غریبوں کو نہ دوائی دے سکی نہ آکسیجن۔ یاد کریں جب لوگ لاک ڈاؤن میں گھوم رہے تھے اور اس پارٹی نے کسی خاندان کی مدد نہیں کی۔ کنبہ پروری کا الزام عائد کرنے والی پارٹی کو بتائیں کہ خاندانی فرد ہی خاندان کا درد سمجھ سکتا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔