یوپی انتخاب: ’گجرات ماڈل سے چار لوگ نکلے، دو بیچنے والے اور دو خریدنے والے‘، بھوپیش بگھیل کا بی جے پی پر حملہ

آخری مرحلہ کی انتخابی تشہیر میں وارانسی پہنچے چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل نے بی جے پی پر خوب حملہ کیا، انھوں نے کہا کہ گجرات ماڈل سے چار لوگ نکلے دو بیچنے والے اور دو خریدنے والے۔

چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل
چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل
user

قومی آوازبیورو

یوپی اسمبلی انتخاب کے تحت چھ مراحل کے لیے پولنگ کا عمل انجام پا چکا ہے اور اب آخری مرحلے کے لیے 7 مارچ کو انتخاب ہوگا۔ اس سے قبل انتخابی تشہیر کے لیے وارانسی پہنچے چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل نے بی جے پی کو خوب تنقید کا نشانہ بنایا۔ انھوں نے کہا کہ گجرات ماڈل سے چار لوگ نکلے ہیں، دو بیچنے والے اور دو خریدنے والے۔

چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ نے ہفتہ کے روز جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب حکومتیں مسائل حل نہیں کرتی ہیں تو عوام کو سامنے آنا پڑتا ہے۔ میں عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ اپنے مسائل کا حل آپ کو خود تلاش کرنا ہوگا، آپ کو آگے آنا ہوگا۔ بھوپیش بگھیل نے بی جے پی کے گجرات ماڈل پر طنز کستے ہوئے کہا کہ یہ ماڈل دو خریدنے اور دو بیچنے والوں کا ہے۔


رابرٹس گنج میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بھوپیش بگھیل نے کہا کہ جب چھتیس گڑھ میں 2500 روپے کوئنٹل دھان خریدا جا سکتا ہے، 2 روپے کلو میں گوبر خریدی جا سکتی ہے، کسانوں کا قرض معاف کیا جا سکتا ہے، 5 لاکھ لوگوں کو سرکاری ملازمت دی جا سکتی ہے تو یہ اتر پردیش میں کیوں نہیں ہو سکتا۔ انھوں نے کہا کہ مودی جی اور یوگی جی اس کی بات ہی نہیں کر رہے ہیں۔ اس کی بات صرف کانگریس پارٹی کر رہی ہے اور کانگریس جو کہتی ہے وہ کرتی ہے۔ یہ پارٹی جملے بازی نہیں کرتی۔

وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل نے بی جے پی حکومتوں پر ملکیتوں کو فروخت کرنے کا الزام بھی عائد کیا۔ انھوں نے کہا کہ گزشتہ حکومتوں نے جتنی تعمیرات کیں، اس کو ایک ایک کر کے بی جے پی حکومت فروخت کر رہی ہے۔ ریلوے اسٹیشن، ایئرپورٹ سے لے کر سب کچھ فروخت کیا جا رہا ہے۔ کانگریس کا ماڈل یہ ہے کہ عوام کو مضبوط بنائیں اور بے روزگاروں کو روزگار دیں، غریبوں تک ہر منصوبوں کو پہنچایا جائے۔ انھوں نے مزید کہا کہ یوپی کی عوام نے ذہن تیار کر لیا ہے کہ بابا کو واپس بھیجنا ہے۔ اب یوگی جی مٹھ میں بیٹھیں گے۔ بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انھوں نے کہا کہ 5 کلو راشن جو مل رہا ہے، وہ مارچ تک ہی ملے گا، پھر ختم ہو جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔