یوپی انتخاب: جونپور میں پرینکا گاندھی پر چھتوں سے ہوئی پھولوں کی بارش

کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے غازی پور میں جلسہ عام سے خطاب کیا اور اس کے بعد جونپور میں روڈ شو بھی کیا، اس دوران لوگوں نے کہا کہ اتنی بھیڑ کسی کے روڈ شو میں دکھائی نہیں دی۔

تصویر ٹوئٹر @INCUttarPradesh
تصویر ٹوئٹر @INCUttarPradesh
user

قومی آوازبیورو

یوپی میں انتخابی موسم کے آخری دور کی انتخابی تشہیر کا آج آخری دن ہے۔ یوپی کے ’چکرویوہ‘ کے ساتویں دروازے کو فتح کرنے کے لیے سبھی پارٹیوں کے بڑے لیڈران میدان میں اتر آئے ہیں۔ کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے بھی غازی پور میں جلسہ عام سے خطاب کیا۔ اس کے بعد جونپور میں روڈ شو کیا۔ غازی پور کی جکھنیا میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے پرینکا گندھی نے یوپی کی موجودہ بی جے پی حکومت پر زوردار حملے کیے۔ انھوں نے کہا کہ بی جے پی والے نیشنلزم کی بات کرتے ہیں، لیکن عوام کو کمزور بنا کر کیسا نیشنلزم۔ یہ نوجوانوں کو روزگار نہیں دیتے، غریبوں کو غریب رکھتے ہیں، بی جے پی والے نیشنلسٹ نہیں ہیں۔

پرینکا گاندھی نے عوام سے اتر پردیش کی سیاست کو تبدیل کرنے کی اپیل کی۔ جذباتی انداز میں پرینکا گاندھی نے کہا کہ ’’میں اتر پردیش میں نئی سیاست، عوام کے لیے کام کرنے والی سیاست کے لیے لڑتی رہوں گی۔ میں نے فیصلہ لے لیا ہے۔ اب آپ بھی فیصلہ لے لیجیے اور اتر پردیش کی سیاست کو بدل ڈالیے۔‘‘


اس کے بعد کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی جونپور پہنچی۔ یہاں انھوں نے ایک کامیاب روڈ شو کیا۔ روڈ شو میں اتنی بھیڑ تھی کہ لوگوں کو یہ تک کہتے سنا گیا کہ انھوں نے اتنی بھیڑ کسی کے روڈ شو میں نہیں دیکھی۔ سڑک کی دونوں طرف لوگوں کا ہجوم نظر آ رہا تھا۔ ہزاروں لوگ اپنی چھتوں سے کھڑے ہو کر پرینکا گاندھی کا استقبال کرتے اور پھولوں کی بارش کرتے نظر آئے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔