یو پی: کورونا سے بے حال عوام کی مدد کرے گی کانگریس، پرینکا گاندھی کی ہدایت پر خصوصی مہم شروع

یو پی کانگریس صدر اجے کمار للو نے بتایا کہ پرینکا گاندھی کی ہدایت پر دیہی عوام کو بہت ضروری مدد کے لیے ایک خصوصی مہم شروع کی گئی ہے۔ اس میں لوگوں کےد رمیان میڈیکل کِٹ تقسیم کیے جائیں گے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

اتر پردیش کانگریس نے کورونا وائرس وبا کے درمیان خصوصی طور پر دیہی علاقوں میں لوگوں کی مدد کے لیے ’سیوا ستیاگرہ-میرا گاؤں، میرا ابھیان‘ نام سے ایک مہم شروع کی ہے۔ پارٹی نے ریاست کے سبھی 823 بلاکوں کے باشندوں کے لیے ایک ہیلپ لائن کا بھی انتظام کیا ہے۔ اس مہم کے دوران پارٹی کارکنان دیہی عوام کو میڈیکل کِٹ تقسیم کریں گے اور خطرناک وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے گاؤں کو سینیٹائز یعنی صاف کریں گے۔

یو پی کانگریس صدر اجے کمار للو کے مطابق ’’پارٹی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی کی ہدایت پر دیہی اتر پردیش کے لوگوں کو بہت ضروری مدد دینے کے لیے ایک خصوصی مہم شروع کی گئی ہے۔ کانگریس کارکن 10 لاکھ میڈیکل کِٹ تقسیم کریں گے۔ دیہی عوام کو طبی صلاح کے بعد گاؤں کو بھی صاف کیا جائے گا، جس کے لیے 15 لاکھ لیٹر سینیٹائزر کی خرید کی گئی ہے۔‘‘


اجے کمار للو نے کہا کہ پرینکا گاندھی نے اس سے پہلے سبھی نومنتخب گرام پردھانوں اور ضلع پنچایتوں کے اراکین کو خط لکھ کر پروگرام کو کامیاب بنانے میں ان کی مدد مانگی تھی۔ انھوں نے کہا کہ ’’لکھنؤ میں کانگریس ہیڈکوارٹر سے پارٹی لیڈروں کے ساتھ دواؤں اور سینیٹائزر ٹینک کا پہلا دستہ بھیجا گیا ہے جو فوری طور پر کام کرنا شروع کر دیں گے۔ اسی طرح سبھی بلاکوں کا احاطہ کرنے کے لیے اگلے ایک ہفتہ کے اندر ریاست کے زونل ہیڈکوارٹر سے ٹیموں کو بھیجا جائے گا۔

یو پی کانگریس صدر اجے کمار للو نے کہا کہ ’’ہماری پارٹی پہلے سے ہی آکسیجن کنسنٹریٹر، دوائیں، کھانے کے پیکٹ اور تین آکسیجن ٹینکر فراہم کر کے عوامی فلاح کے لیے کام کر رہی ہے، جو ریاست میں آکسیجن بحران کے دوران پرینکا گاندھی کے ذریعہ لکھنؤ کے ایک اسپتال کو فراہم کیے گئے تھے۔‘‘


اس درمیان کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے اپنے سابقہ پارلیمانی حلقہ امیٹھی میں آکسیجن کنسنٹریٹر بھیجے ہیں اور ضلع میں صفائی مہم چلانے کا منصوبہ ہے۔ امیٹھی ضلع کانگریس چیف پردیپ سنگھل نے کہا کہ جلد ہی امیٹھی میں 10 ہزار لیٹر سینیٹائزر پہنچے گا اور وبا کی دوسری لہر کے درمیان صفائی مہم کو انجام دینے کے لیے ٹیموں کی تشکیل کی گئی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ’’راہل گاندھی پہلے ہی 21 مئی کو ضلع میں پانچ آکسیجن کنسنٹریٹر اور 20 آکسیجن سلنڈر بھیج چکے ہیں، جب کہ 15 مزید کنسنٹریٹر بھیجے جا چکے ہیں۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔