کورونا قہر: مغربی بنگال میں 15 جون اور پنجاب میں 10 جون تک پابندیوں میں اضافہ

مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا کہ ریاست میں کووڈ-19 کے پھیلاؤ پر کنٹرول کے لیے جاری پابندیاں 15 جون تک بڑھانا ضروری ہے اور عوام اس دوران بہت ضروری کام سے ہی گھر سے باہر نکلیں۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

تنویر

کورونا بحران کے درمیان انفیکشن پر قابو پانے کے لیے مغربی بنگال حکومت نے جہاں کورونا پابندیوں میں 15 جون تک اضافہ کر دیا ہے، وہیں پنجاب حکومت نے بھی کورونا پابندیوں میں 10 جون تک توسیع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دونوں ہی ریاستوں میں کورونا انفیکشن کے معاملے گزشتہ کچھ دنوں میں کم ہوئے ہیں، لیکن حالات کو مزید بہتر بنانے اور انفیکشن کے پھیلاؤ کو روکنے کے مقصد سے کورونا پابندی کی تاریخ میں اضافہ کیا گیا ہے۔

مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا کہ ریاست میں کووڈ-19 کے پھیلاؤ پر کنٹرول کے لیے جاری پابندیاں 15 جون تک بڑھانا ضروری ہے اور عوام اس دوران بہت ضروری کام سے ہی گھر سے باہر نکلیں۔ ساتھ ہی انھوں نے بتایا کہ ریاست میں جولائی کے آخر میں بارہویں درجہ اور اگست کے وسط میں دسویں درجہ کے بورڈ امتحانات کرائے جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا ہے کہ متعلقہ بورڈ امتحانات کی تاریخوں کا اعلان جلد کریں گے۔


دوسری طرف پنجاب میں اب بھی روزانہ کورونا انفیکشن کے 4 ہزار سے زائد نئے مریض سامنے آ رہے ہیں۔ ان حالات کو دیکھتے ہوئے ماہرین کی صلاح پر ریاست کے کیپٹن امریندر سنگھ حکومت نے 10 جو تک پابندیاں بڑھا دی ہے۔ اس بات کا اعلان جمعرات کو کیا گیا۔ حالانکہ اس کے ساتھ ہی کچھ رعایتیں دی گئی ہیں۔ پرائیویٹ گاڑیوں سے مسافروں کی محدود تعداد کو ہٹا لیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں اسپتالوں میں دوبارہ الیکٹیو سرجری اور او پی ڈی کی بھی اجازت دی گئی ہے۔

وزیر اعلیٰ امریندر سنگھ نے پرائیویٹ اسپتالوں سے متعلق کچھ خاص احکامات بھی جاری کیے ہیں۔ انھوں نے سبھی پرائیویٹ اسپتالوں کو ریٹ لسٹ دروازے کے باہر لگانے کی ہدایت دی ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ سبھی اسپتالوں کے داخلی دروازے پر 11x5 سائز کا بورڈ لگا کر اس پر ریٹ ظاہر کیا جائے۔ اس درمیان پنجاب میں بلیک فنگس کے معاملے بڑھنے سے بھی لوگوں میں تشویش پیدا ہو گئی ہے۔ اب تک 188 بلیک فنگس کے معاملوں کی تصدیق ہو چکی ہے۔ امریندر سنگھ نے ایمپوٹیریسن کی کمی کے سبب بلیک فنگس کے علاج کے لیے دیگر متبادل دواؤں کی دستیابی بڑھانے کی ہدایت دی ہے۔ ایکسپرٹ گروپ کی طرف سے علاج کا پروٹوکول بھی طے کیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */