یوگی حکومت میں اتر پردیش کا نظامِ قانون لقوہ زدہ ہو گیا ہے: اجے کمار للو

یو پی ریاستی کانگریس کے سربراہ اجے کمار للو نے کہا کہ مجرمین کے دل سے قانون کا خوف ختم ہو گیا ہے۔ ریاست کے جرائم پیشوں کا حوصلہ بڑھ گیا ہے اور نظامِ قانون دم توڑ چکا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

تنویر

اتر پردیش کانگریس کے صدر اجے کمار للو نے یوگی حکومت کو پرزور انداز میں تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انھوں نے کہا کہ یو پی میں نظامِ قانون منہدم ہو چکا ہے، خواتین کو سیکورٹی دینے میں یوگی حکومت پوری طرح سے ناکام ہے۔ یہاں نظامِ قانون لقوہ زدہ ہو چکا ہے۔ اجے کمار للو نے اس تعلق سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ "ریاست میں نابالغ بچیوں کے ساتھ ہو رہی اجتماعی عصمت دری، قتل اور خواتین پر ہونے والی درندگی روکنے میں یوگی حکومت ناکام ہے۔ یہاں قانون کا نظام پوری طرح سے ختم ہو چکا ہے۔"

اجت کمار للو کا کہنا ہے کہ لکھیم پور کے اندوہناک عصمت دری اور قتل واقعہ کی سیاہی ابھی خشک بھی نہ ہو پائی تھی کہ اعظم گڑھ اور یوگی کے آبائی ضلع گورکھپور میں عصمت دری کے واقعہ نے جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔ اعظم گڑھ میں نابالغ کے ساتھ اجتماعی عصمت دری کے بعد اس کا قتل کر دیا گیا، تو گورکھپور میں عصمت دری کے بعد درندوں نے ساری حدیں پار کرتے ہوئے دلت نابالغ لڑکی کے جسم کو سگریٹ سے داغ دیا۔


ریاستی صدر نے کہا کہ لکھیم پوری کھیری، سیتا پور، جالون اور اب گورکھپور و اعظم گڑھ کے دردناک واقعات سے پوری ریاست تکلیف میں ہے۔ انھوں نے کہا کہ مجرمین کے دل سے قانون کا خوف ختم ہو گیا ہے۔ ریاست کے جرائم پیشوں کا حوصلہ بلند ہو چکا ہے۔ پولس اور انتظامیہ نہ تو سیکورٹی دے پا رہی ہے اور نہ ہی کوئی ٹھوس منصفانہ کارروائی ہی کر رہی ہے۔ اجے کمار للو نے یہ بھی کہا کہ وزیر اعلیٰ یوگی نے نظامِ قانون درست کرنے اور سخت فیصلے لینے کی جگہ ٹیم-11 بنا رکھی ہے جو خصوصی طور سے نظام قانون کو لے کر فرضی اعداد و شمار جمع کرتی ہے اور عوام کو گمراہ کرنے کا کام کرتی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔