یوپی اسمبلی انتخابات: اکھلیش نے قبرستان، یوگی نے شمشان بنوائے، ہم اسکول تعمیر کرائیں گے، کیجروال

اروند کیجریوال نے یوگی آدتیہ ناتھ پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ یوگی حکومت نے گزشتہ 5 سالوں میں صرف شمشان بنوائے ہی نہیں بلکہ انہوں نے بڑی تعداد میں لوگوں کو وہاں پہنچانے کا بھی کام کیا۔

لکھنؤ میں وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال / تصویر ٹوئٹر / @AAPUttarPradesh
لکھنؤ میں وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال / تصویر ٹوئٹر / @AAPUttarPradesh
user

قومی آوازبیورو

لکھنؤ: دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے اتوار کے روز لکھنؤ میں منعقدہ جلسہ عام سے یوپی اسمبلی انتخابات کے لئے عام آدمی پارٹی کی مہم کا آغاز کر دیا۔ عام آدمی پارٹی کے کنوینر اروند کیجروال نے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بی جے پی پر زبردست حملہ بولا اور متعدد اعلانات کئے۔

اپنے خطاب کے دوران کیجروال نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کے بڑے لیڈر نے یوپی میں آ کر کہا تھا کہ اگر قبرستان بنایا جاتا ہے تو شمشان گھاٹ بھی بننا چاہئے۔ پرانی حکومت نے صرف قبرستان بنوائے اور یوگی حکومت نے صرف شمشان گھاٹ بنوائے، ہمیں موقع دیجئے ہم آپ کے بچوں کے لئے اسکول اور سب کے لئے اسپتال تعمیر کروائیں گے۔


لکھنؤ میں سمرتی اُپون میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے یوگی آدتیہ ناتھ پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ یوگی حکومت نے گزشتہ 5 سالوں میں صرف شمشان بنوائے ہی نہیں بلکہ انہوں نے بڑی تعداد میں لوگوں کو وہاں پہنچانے کا بھی کام کیا۔ جس طرح کورونا کے دور میں پوری دنیا میں یوپی کے کورونا انتظامات کی تھو تھو ہوئی اس پر پردہ ڈالنے کے لئے یوگی حکومت کو امریکہ کی بڑی میگزین میں 10-10 صفحات پر مشتمل اشتہار دینے پڑے۔ ان اشتہارات پر ریاستی حکومت نے کروڑو روپے خرچ کر ڈالے۔

اپنے خطاب کے دوران کیجروال نے مزید کہا کہ تعلیم کے حوالہ سے ہم بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر کے خواب کو 70 سال کے بعد بھی پورا نہیں کر پائے، لیکن خواہ میری پوری زندگی ہی کیوں نہ گزر جائے میں یہ کام کر کے رہوں گا۔ انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں نے لوگوں کو جان بوچھ کر ناخواندہ رکھا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم نے دہلی کے اسکوں کو بہتر بنا دیا ہے تو کیا ہم یہی کام یوپی میں نہیں کر سکتے؟


سماجوادی پارٹی کے 300 یونٹ بجلی مفت فراہم کرنے کے اعلان پر بھی اروند کیجریوال نے طنز کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج کل کچھ جماعتیں بھی فری بجلی فراہم کرنے کا اعلان کر رہی ہیں لیکن اس کا فارمولہ صرف اور صرف کیجریوال کے پاس ہے۔ ہم نے دہلی میں یہ کر کے دکھایا ہے۔ خیال رہے کہ اکھلیش یادو نے حال ہی میں اعلان کیا تھا کہ وہ 300 یونٹ تک بجلی مفت دیں گے، نیز کسانوں کو بھی سینچائی کے لئے بجلی مفت فراہم کی جائے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔