سردی سے بچنے کے لیے جلایا کیروسین لیمپ، ٹرک کے کیبن میں دم گھٹنے سے چچا-بھتیجے کی موت

اتراکھنڈ کے نینی تال میں ہوئے اس دردناک واقعہ کے بعد علاقائی پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ موسم سرما کے دوران بند جگہوں پر آگ یا لیمپ جلانے سے گریز کریں تاکہ ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔

<div class="paragraphs"><p>سردی میں خود کو گرم رکھنے کی کوشش&nbsp; (فائل تصویر) / یو این آئی</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

 اتراکھنڈ کے نینی تال ضلع میں ایک دردناک معاملہ سامنے آیا ہے جہاں سردی سے بچنے کی کوشش جان لیوا ثابت ہوئی۔ یہ واقعہ گزشتہ روز پیش آیا، جب ایک شخص اور اس کے بھتیجے کی دم گھٹنے سے موت ہو گئی۔ دونوں ٹرک کے کیبن میں مردہ پائے گئے۔ کیبن میں ہی انہوں نے سردی سے بچنے کے لئے کیروسین لیمپ جلایا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ واقعہ رام نگر کے قریب پیرومدارا گاؤں میں ایک اسٹون کرشر کے باہر پیش آیا۔

پولیس کے مطابق متوفیوں کی شناخت محمد عرفان اور محمد اقرار کے طور پر ہوئی ہے جو اتر پردیش کے سنبھل ضلع کے رہنے والے تھے۔ وہ 10 جنوری کی رات ایک اسٹون کرشر پر مال لینے کے لیے پہنچے تھے۔ اتوار کو صبح 5 بجے کے قریب ٹرک لوڈ کرانے کے بعد انہوں نے گاڑی کو کرشر کے باہر کھڑا کردیا۔ شدید سردی سے بچنے کے لیے انہوں نے ٹرک کے کیبن میں کیروسین لیمپ جلایا اور کھڑکیاں بند کرکے سوگئے۔


اس واقعہ کے بارے میں اس وقت پتا چلا جب اسٹون کرشر میں کام کرنے والے دیگر مزدوروں نے صبح ٹرک کے کیبن میں کوئی سرگرمی نہیں دیکھی۔ بار بار پکارنے کے باوجود جب اندر سے کوئی جواب نہیں ملا تو مزدوروں کو انہونی کا اندیشہ ہوا۔ انہوں نے ٹرک کے شیشے توڑ کر اندر دیکھا تو دونوں افراد کیبن کے اندر بے ہوشی کی حالت میں پڑے تھے۔

مقامی لوگوں کی مدد سے مزدوروں نے انہیں فوری طور پر رام نگر کے سرکاری اسپتال پہنچایا جہاں ڈاکٹروں نے جانچ کے بعد انہیں مردہ قرار دے دیا۔ ابتدائی جانچ میں ڈاکٹروں اور پولیس نے اندیشہ ظاہر کہ کیبن کے اندر بند ماحول میں کیروسین لیمپ جلنے سے آکسیجن کی کمی ہوئی اور زہریلی گیس بھر گئی جس سے دم گھٹنے سے ان کی موت ہوگئی۔


پولیس افسران کا کہنا ہے کہ فی الحال معاملے کی تفتیش جاری ہے اور تمام پہلوؤں کو دھیان میں رکھ کر جانچ کی جارہی ہے۔ نیوز ایجنسی’ پی ٹی آئی‘ کے مطابق لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے تاکہ موت کی اصل وجہ کی تصدیق ہوسکے۔ ڈاکٹروں کے مطابق پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد ہی یہ واضح ہوسکے گا کہ موت پوری طرح دم گھٹنے سے ہوئی یا کوئی دوسری وجہ ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش میں کسی بھی طرح کی سازش یا باہری مداخلت کے اشارے نہیں ملے ہیں۔ اس کے باوجود مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور قانون کے مطابق تفتیش جاری ہے۔ اس واقعہ کے بعد پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سردی کے موسم میں بند جگہوں پر آگ یا لیمپ جلانے سے گریز کریں تاکہ ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔