کہرے کا قہر! دہلی-آگرہ ایکسپریس وے پر 7 بسیں آپس میں متصادم، آتشزدگی میں 4 لوگوں کی موت، دیگر 25 زخمی

متھرا کے ایس ایس پی شلوک کمار نے بتایا کہ ’’حادثہ کم حد بصارت کی وجہ سے پیش آیا ہے، 7 بسیں اور 3 چھوٹی گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔ اب تک 4 لاشیں نکالی جا چکی ہیں، دیگر 25 زخمی ہیں۔‘‘

تصویر سوشل میڈیا
i
user

قومی آواز بیورو

موسم میں تیزی سے آئی تبدیلی کے بعد کہرے نے اپنا اثر دکھانا شروع کردیا ہے۔ اس دوران اترپردیش کے متھرا میں دہلی۔آگرہ ایکسپریس وے پرمنگل (16 دسمبر) کے روز علی الصبح خوفناک حادثہ پیش آیا جس میں یکے بعد دیگرے 7 بسیں آپس میں ٹکرا گئیں۔ حادثے کے بعد بسوں میں آگ لگ گئی جس میں کم از کم 4 لوگوں کی موت ہوگئی، جبکہ 25 دیگر زخمی بتائے جارہے ہیں۔ پولیس انتظامیہ موقع پر صورتحال پرقابو پانے میں مصروف ہے۔

بتایا جارہا ہے کہ متھرا کے بلدیو تھانہ علاقے میں گھنے کہرے کی وجہ سے7 بسیں آپس میں ٹکرا گئیں جس کے بعد ان میں آگ لگ گئی۔ فی الحال آگ لگنے کی وجوہات کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا ہے۔ اس واردات کے بعد پورے علاقے میں افراتفری مچ گئی اور لوگوں میں چیخ و پکار کے درمیان امدادی کام انجام دیا گیا۔


موقع پرموجود ایک چشم دید نے بتایا کہ حادثہ صبح 4 بجے کے قریب پیش آیا، جب تصادم کے بعد بسوں میں آگ لگ گئی۔ چشم دید نے بتایا کہ جس وقت ٹکر ہوئی، وہ بس میں سو رہا تھا۔ بس میں اس وقت کئی مسافر سوار تھے۔ حادثے کے بعد لوگ اپنی جان بچانے کے لیے ادھر اُدھر بھاگنے لگے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ کا شکار ہونے والی 7 بسوں میں ایک روڈ ویز بس اور باقی سبھی اسپیکر بسیں ہیں۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس اورانتظامیہ کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اورامدادی کارروائیاں شروع کردی گئیں۔ پولیس نے مقامی لوگوں کی مدد سے لوگوں کو گاڑیوں سے باہر نکالا اور زخمیوں کو اسپتال پہنچایا گیا۔


حادثے کے حوالے سے متھرا کے ایس ایس پی شلوک کمار نے بتایا کہ یہ واردات کم حد بصارت کی وجہ سے ہوئی ہے جس میں 7 بسیں اور 3 چھوٹی گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک 4 لاشیں نکالی جا چکی ہیں جب کہ 25 دیگر افراد زخمی ہوئے ہیں۔ انہیں علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

اس دوران اترپردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے دہلی۔آگرہ ایکسپریس وے پر ہونے والے اس ہولناک حادثے پردکھ کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے افسران کو ہرممکن مدد فراہم کرنے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے حادثے میں مرنے والوں کے لواحقین کو دو دو لاکھ روپے معاوضہ دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔