بانڈی پورہ میں ایل او سی پر در اندازی ناکام، دو ملی ٹنٹ ہلاک، سرچ آپریشن جاری
شمالی کشمیر کے بانڈی پورہ ضلع کے گریز سیکٹر میں ایل او سی کے نزدیک در اندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے فوج و پولیس نے مشترکہ آپریشن میں دو ملی ٹنٹ ہلاک کر دیے، سرچ آپریشن جاری ہے

سری نگر: شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ کے گریز سیکٹر میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر در اندازی کی ایک کوشش کو سیکورٹی فورسز نے ناکام بنا دیا۔ اس کارروائی کے دوران دو عدم شناخت ملی ٹنٹ ہلاک کر دیے گئے جبکہ علاقے میں تلاشی اور محاصرہ کا سلسلہ بدستور جاری ہے تاکہ کسی اور ملی ٹنٹ کی موجودگی کو یقینی طور پر ختم کیا جا سکے۔
فوج کی چنار کور نے ’ایکس‘ پر اپنے ایک بیان میں کہا کہ یہ کارروائی جموں و کشمیر پولیس اور فوج کا مشترکہ آپریشن تھا، جو خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر شروع کیا گیا تھا۔ بیان کے مطابق، ’’پولیس کی جانب سے در اندازی کی ممکنہ کوشش سے متعلق ان پٹ ملنے کے بعد گریز سیکٹر میں مشترکہ سرچ آپریشن شروع کیا گیا۔‘‘
ترجمان نے مزید کہا، ’’بدھ کو ہی علاقے میں تلاشی کا عمل شروع کیا گیا تھا اور جمعرات کی صبح کے وقت فوج کے الرٹ جوانوں نے ایل او سی کے قریب مشکوک سرگرمی دیکھی۔ جوانوں نے مشتبہ افراد کو چیلنج کیا جس پر ملی ٹنٹوں نے خود سپردگی کے بجائے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔‘‘
فوج کے مطابق جوانوں نے بھرپور جوابی کارروائی کی اور فائرنگ کے تبادلے میں دونوں ملی ٹنٹ موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔ ان کی شناخت اور وابستگی سے متعلق تفصیلات فی الحال سامنے نہیں آئی ہیں۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ علاقے میں تلاشی اور محاصرہ کا عمل جاری ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ کوئی اور ملی ٹنٹ چھپا نہ ہو۔ علاقے میں اضافی فورسز تعینات کی گئی ہیں اور ارد گرد کے دیہات میں بھی نگرانی سخت کر دی گئی ہے۔
حکام کے مطابق پاکستان کی جانب سے در اندازی کی کوششوں میں حالیہ دنوں اضافہ ہوا ہے۔ ’آپریشن سندور‘ کے بعد سے ایل او سی پر کئی بار ملی ٹنٹوں کے ساتھ جھڑپیں ہو چکی ہیں، تاہم ہر بار ہندوستانی فوج نے در اندازی کے ان منصوبوں کو ناکام بنایا ہے۔ سکیورٹی ایجنسیاں مانتی ہیں کہ آنے والے دنوں میں بھی در اندازی کی کوششوں میں اضافہ ہو سکتا ہے، اسی لیے فوج اور پولیس کی جانب سے سرحدی علاقوں میں الرٹ مزید بڑھا دیا گیا ہے۔
یہ واقعہ ایک ایسے وقت پر پیش آیا ہے جب خطے میں سکیورٹی صورتحال پہلے ہی کشیدہ ہے اور سرحد پار سے در اندازی کے خدشات بدستور موجود ہیں۔ فوج اور پولیس کا کہنا ہے کہ ایسے آپریشن مستقبل میں بھی جاری رہیں گے تاکہ خطے میں امن قائم رکھا جا سکے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔