مہاجر مزدوروں نے 1200 کلومیٹر سائیکل چلائی، اے پی میں پکڑ لئے گئے

ان مزدوروں نے سائیکلوں سے 1200 کیلومیٹر کا سفر طے کیا۔ ان دونوں کی شناخت دیپتی راجن سوائن اور گیانیشور بہاری کے طورپر کی گئی ہے جن کا تعلق جگت سنگھ پور ضلع سے ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

حیدرآباد: پونڈیچری سے اوڈیشہ جانے کے دوران دو نقل مکانی کرنے والے مزدور اے پی کے وشاکھاپٹنم میں پکڑے گئے جن کو پولیس نے سزا کے طورپر 14 دنوں کے لئے الگ تھلگ مرکز بھیج دیا۔ ان مزدوروں نے سائیکلوں سے 1200 کیلومیٹر کا سفر طے کیا۔ ان دونوں کی شناخت دیپتی راجن سوائن اور گیانیشور بہاری کے طورپر کی گئی ہے جن کا تعلق جگت سنگھ پور ضلع سے ہے۔ یہ دونوں فروری میں پرائیویٹ کمپنی میں کام کرنے کے لئے پونڈیچری گئے تھے تاہم لاک ڈاون کے نفاذ کے بعد کرایہ ادا کرنے کے لئے ان کے پاس کچھ رقم نہیں بچی اسی لئے انہوں نے گھر واپس ہونے کا 12 اپریل کو فیصلہ کیا اور سائیکلوں سے سفر کا آغاز کردیا۔

دونوں تمل ناڈو، تلنگانہ کا سفر طے کرتے ہوئے اے پی پہنچے۔ انہوں نے ہر دن 12 تا 14 گھنٹے سائیکل چلائی۔ گیا نیشور نے کہا کہ اگر ان کو روکا نہیں جاتا تو وہ چار دنوں میں اپنے گاؤں پہنچ جاتے۔ انہوں نے کہا کہ ایک کالج میں بنائے گئے الگ تھلگ مرکز میں ان کو منتقل کر دیا گیا ہے۔


مزدوروں کا کہنا ہے کہ لاک ڈاون کے بعد مقامی افراد سے ان کو کوئی بھی کھانا نصیب نہیں ہوا۔ رات میں پٹرول پمپ پر وہ سوجاتے اور بھوکے رہتے۔ ہر وقت ان کو ان کے خاندان والوں کی یاد آتی۔ اپنے ویڈیو پیغام میں ان دونوں نے اوڈیشہ کی حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ ان کو بچائے۔ اسی دوران ویزاگ پولیس نے لاک ڈاون کی خلاف ورزی کرنے والوں کو الگ تھلگ مرکز بھیجنا شروع کر دیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ عوام میں نظم وضبط پیدا کرنے کے لئے یہ کام کیا جا رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔