کورونا کی دہشت جاری، ضعیفہ کی لاش گھر والوں نے کنوئیں میں پھینکی

چنچلا نایک کی موت اتوار کے روز ہی ہو گئی تھی لیکن کورونا ٹیسٹ رپورٹ 22 اپریل کو آئی جس میں انفیکشن نہ ہونے کی بات کہی گئی تھی۔ اس کے باوجود گاؤں والوں نے لاش کی آخری رسومات ادا کرنے سے انکار کر دیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

کورونا انفیکشن سے ہلاک مریضوں کی آخری رسومات میں مسائل پیش آنے کی خبریں لگاتار آ رہی ہیں، لیکن جھارکھنڈ کے مشرقی سنگھ بھوم ضلع واقع بہراگوڑا میں ایک کورونا پازیٹو ضعیفہ کی لاش کے ساتھ بھی لوگوں نے کافی برا سلوک کیا۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق کورونا وائرس انفیکشن کے خوف سے بزرگ خاتون کی لاش کی آخری رسوم ادا کرنے کی جگہ رشتہ داروں نے اسے بدھ کے روز شمشان گھاٹ کے کنوئیں میں پھینک دیا۔


بتایا جاتا ہے کہ معاملہ 65 سالہ چنچلا نایک کی لاش کے ساتھ پیش آیا ہے جس کی موت گزشتہ دنوں ہوئی۔ موت کے بعد ضعیفہ کی کورونا ٹیسٹ رپورٹ منفی آئی تھی، لیکن اس کے باوجود علاقے کے لوگوں نے کورونا انفیکشن کے خوف سے آخری رسومات میں شامل ہونے سے انکار کر دیا اور چنچلا کے اہل خانہ کو بھی ایسا کرنے سے روکا۔ لوگوں کے ذریعہ منع کیے جانے کے بعد گھر والوں نے بھی چنچلا کی آخری رسومات ادا نہیں کی اور لاش کو گاؤں کے نزدیک واقع شمشان گھاٹ کے کنوئیں میں پھینک دیا۔

لاش کنوئیں میں پھینکے جانے کی خبر جب مقامی انتظامیہ کو ملی، تو اس کے ہوش اڑ گئے۔ فوراً انتظامیہ کی ایک ٹیم بدھ کی رات کنوئیں کے پاس پہنچی اور لاش کو نکالنے کی کوششیں شروع ہوئیں۔ کافی محنت کے بعد کنوئیں میں وہ پلاسٹک ملی جس میں لپیٹ کر لاش کو پھینکا گیا تھا۔ موقع پر بہراگوڑا کے بی ڈی او راجیش کمار ساہو، سی او ہیرا کمار اور تھانہ انچارج چندرشیکھر کمار سمیت کئی دیگر اعلیٰ افسران موجود تھے۔ انھوں نے لوگوں کو اس طرح کی حرکتوں سے باز آنے کی ہدایت دی۔


قابل ذکر ہے کہ چنچلا نایک کی طبیعت گزشتہ دنوں زیادہ خراب ہو گئی تھی جس کے بعد انھیں بہراگوڑا ہیلتھ سنٹر میں داخل کرایا گیا تھا۔ یہاں سے بہتر علاج کے لیے چنچلا کو ایم جی ایم جمشیدپور ریفر کیا گیا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ ایم جی ایم لے جانے سے پہلے اتوار کو ہی انھوں نے دم توڑ دیا تھا۔ موت کے بعد انتظامیہ نے کورونا کی جانچ کے لیے لاش کو گھاٹ شلا ڈویژنل اسپتال میں رکھوا دی تھی۔ بدھ کے روز جانچ رپورٹ نگیٹو آنے کے بعد انتظامیہ نے چنچلا کی لاش کو گھر والوں کے حوالے کر دی تھی۔ چنچلا کے اہل خانہ جب لاش لے کر شمشان پہنچے تو مقامی لوگوں نے کورونا کے خوف سے آخری رسومات ادا کرنے سے انھیں روکا۔ لوگوں کی ناراضگی دیکھتے ہوئے گھر والوں نے لاش کو وہیں موجود کنوئیں میں پھینک دیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔